ایس پی ۔بی ایس پی مفاہمت پر سی بی آئی مقدمات چندرا بابو کی نکتہ چینی

   

حیدرآباد 6 جنوری ( یو این آئی) آندھر اپردیش کے وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے الزام لگایا کہ بی جے پی کیرل میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثرکرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے آج جنم بھومی ۔میراگاوں پروگرام کے تحت پانچویں دن کلکٹرس ، نوڈل عہدیداروں ،عوامی نمائندوں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی۔اس موقع پرانہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی گندی سیاست کی حوصلہ افزائی کرر ہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایس پی اور بی ایس پی کے درمیان لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں نشستوں کی تقسیم کی مفاہمت ہوئی تاہم اس مفاہمت کے دوسرے ہی دن سی بی آئی نے ان دونوں کے خلاف مقدمات درج کئے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کیرل میں فرقہ وارانہ جذبات کوہوا دے رہی ہے اور تشدد پھیلارہی ہے ۔پُرامن ریاست میں بی جے پی کی وجہ سے ہی تشدد دیکھاجارہا ہے ۔چندرابابونائیڈو جنہوں نے غیر بی جماعتوں کے اتحاد کی تشکیل کے لئے کوششوں میں تیزی پیداکی ہے آج مرکز کی این ڈی اے حکومت پر شدید نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران کی نامناسب سیاست ناقابل قبول ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اے پی کو فنڈس فراہم نہیں کر رہی ہے جبکہ ہم ہمارے حق کامطالبہ کر رہے ہیں۔بی جے پی لالچ کی سیاست کر رہی ہے ۔