ایم ایل اے کوارٹرس آدرش نگر میں عہدیداروں کیلئے کامپلکس کا منصوبہ

   

سکریٹریٹ میں ہجوم کم کرنے کی کوشش، محکمہ جات کے دفاتر کیلئے علحدہ عمارت
حیدرآباد : سکریٹریٹ کے نئے کامپلکس میں عوام کے ہجوم کو کم کرنے کیلئے حکومت نے ایم ایل اے کوارٹرس آدرش نگر کے احاطہ میں دفاتر کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آدرش نگر میں واقع ایم ایل اے کوارٹرس کی 11 ایکر اراضی کو مختلف محکمہ جات کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کے دفاتر کیلئے استعمال کرنے کی تجویز ہے۔ یہ علاقہ چونکہ سکریٹریٹ سے قریب ہے لہذا ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کو کسی کام کی صورت میں سکریٹریٹ پہنچنے میں سہولت رہے گی ۔ اگر محکمہ جات کے دفاتر نئے کامپلکس میں قائم کئے گئے تو عوام کی آمد و رفت میں اضافہ ہوجائے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر نئے کامپلکس میں بھیڑ بھاڑ اور عوامی سرگرمیاں دیکھنا نہیں چاہتے ، لہذا وہ سکریٹریز کیلئے کامپلکس کے قریبی علاقہ میں دفاتر کا انتظام کرسکتے ہیں۔ آدرش نگر میں موجود ایم ایل اے کوارٹرس میں زیادہ تر عمارتیں خالی ہیں کیونکہ ارکان اسمبلی کو نئے تعمیر شدہ کوارٹرس میں الاٹ کیا گیا ۔ ریاست میں 104 ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کے دفاتر ہیں جن میں کمشنرس اور ڈائرکٹرس شامل ہیں۔ اسکول اور کالجیٹ ایجوکیشن کے کمشنریٹ کے علاوہ انڈسٹریز ، اگریکلچر ، ہینڈلوم اینڈ ٹکسٹائلز ، میونسپل ایڈمنسٹریشن اور دیگر محکمہ جات کے دفاتر شہر کے مختلف علاقوں میں ہیں۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ ان تمام دفاتر کو ایک چھت کے نیچے کیا جائے تاکہ حکومت کو سہولت ہو۔ محکمہ جات کے دفاتر اگر سکریٹریٹ کے قریب ہوں تو عہدیداروں کو پہنچنے میں آسانی ہوگی۔ محکمہ عمارت و شوارع کے عہدیداروں نے آدرش نگر ایم ایل اے کوارٹرس کا دورہ کرتے ہوئے کامپلکس کی تعمیر کا جائزہ لیا ۔ یہ کوارٹرس 1960 میں تعمیر کئے گئے تھے۔ حیدر گوڑہ میں ارکان اسمبلی کو نئے الاٹمنٹ کے بعد سے یہ عمارت خالی ہے۔ کے سی آر ابتداء میں اس اراضی پر نئی دہلی کے طرز پر کانسٹی ٹیوشن کلب کے قیام کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن نئے سکریٹریٹ کامپلکس منصوبہ کے بعد یہ اراضی سرکاری دفاتر کے لئے استعمال کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔