ایم بی اے گولڈ میڈلسٹ سارق و رہزن گرفتار، سونا اور نقد رقم ضبط

   

حیدرآباد ۔ /20 مارچ (پی ٹی آئی) ایم بی اے ایک انتہائی ذہین و ہونہار گولڈ میڈل یافتہ گریجویٹ سارق و رہزن کو آج پھر گرفتار کرلیا گیا ۔ سائبر آباد پولیس نے کہا کہ آسان کمائی اور ٹھاٹ باٹ کی زندگی گزارنے کی عادت کے سبب ومشی کرشنا عرف لوکیش سرقہ ، رہزنی ، نقب زنی اور دیگر جرائم میں ملوث ہوگیا تھا ۔ وہ تقریباً سات ماہ قبل جیل سے رہا کیا گیا تھا ۔ سائبر آباد کی پولیس کمشنر وی سی سجنار نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 25 سال عمر کا ایم ومشی کرشنا عرف لوکیش آندھراپردیش کے ضلع پرکاشم سے تعلق رکھتا ہے ۔ اس نے 2004 ء میں ایم بی اے میں گولڈ میڈل کے ساتھ امتیازی کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس کو سب سے پہلے 2006 ء میں نقب زنی کی چھ وارداتوں کے ضمن میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ بعد ازاں ایسی ہی مزید 22 وارداتوں کے ارتکاب کے بعد سلاخوں کے پیچھے جانا پڑا تھا ۔ سجنار نے کہا کہ چہارشنبہ کو ومشی کرشنا کی دوبارہ گرفتاری کے بعد اس کے قبضہ سے 800 گرام وزنی طلائی زیورات اور 1.50 لاکھ روپئے نقد برآمد کرلیا ۔