ایم پی۔ مہاتما گاندھی کے خلاف ریمارکس پر کالی چرن مہاراج کی گرفتاری۔

,

   

انہوں نے کہا ہے کہ ”موہن داس کرم چند گاندھی نے ملک کوتباہ کردیا۔ ان کو قتل کرنے والے ناتھو رام گوڈسے کو سلامی پیش کرتاہوں“۔


ہندوؤں کے مذہبی لیڈر کالی چرن مہاراج کو جمعرات کے روز مدھیہ پردیش کی پولیس نے ان کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خلاف کئے گئے تبصرے پر گرفتار کرلیاہے۔ کالی چرن نے 26ڈسمبر کے روز رائے پور میں ہونے والے ایک ’دھرم سنسد‘‘ میں ایک متنازعہ تقریر کی تھی۔

کالی چرن کے مہاتما گاندھی کے خلاف تبصرے کی وجہہ سے چیف پیٹرن مہنت رام سند ر داس تقریب سے نکال کر چلے گئے تھے۔ بعدازاں کانگریس لیڈر پرمود دوبئے نے کالی چرن کے خلاف ایک شکایت درج کرائی تھی جس میں دو طبقات کے درمیان میں دشمنی کو بڑھاوا دینے کا انہوں نے الزام لگایاتھا۔

پولیس کے مطابق کالی چرن نے کھاجوراؤ میں ایک گیسٹ ہاوز کی بکنگ کی تھی مگر وہ وہاں نہیں رکے‘ اس کے بجائے کھاجوراؤ سے 25کیلومیٹر کے فاصلے پر ان کے کرایہ کے مکان میں وہ چلے گئے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ گرفتاری سے بچنے کے لئے ان کے تمام قریبی ساتھیوں نے اپنے موبائیل فونوں کو بند کردیاتھا۔

جمعرات کی صبح 10پولیس جوانوں کی ٹیم کالی چرن کی تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئی اور جیسے ہی وہ چھتیس گڑھ کی درالحکومت رائے پور پہنچے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔ چھتیس گڑھ کے ایک سینئر پولیس افیسر نے نام رازداری کی شرط پر کہا کہ ”مدھیہ پردیش کے کھاجو راؤسے کالی چرن کو گرفتار ی کے بعد رائے پور لایاگیاہے“۔

مذکورہ پولیس عہدیدار نے کہاکہ جمعرات کی شام تک کالی چرن کو عدالت میں پیش کیاجائے گا۔جمعرات کے روز ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مہاتما گاندھی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے ملزم کالی چرن مہاراج کی تحویل حاصل کرنے کے لئے پونے پولیس کی ٹیم بھی چھتیس گڑھ پہنچ گئی ہے۔

سوشیل میڈیا پر تیزی کے ساتھ گشت کرنے والی ایک ویڈیو کلپ میں کالی چرن نے اعلان کیاہے کہ ”اسلام کا مقصد سیاست کے ذریعہ قوم پر کنٹرول ہے“۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ”موہن داس کرم چند گاندھی نے ملک کو تباہ کردیا۔

گاندھی کو قتل کرنے والے ناتھو رام گوڈسے کو سلامی پیش کرتاہوں“۔ اپنی تقریر کے دوران کالی چرن کولوگوں سے یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا ہے کہ ایسے ہندو قائدین کا انتخاب کریں جو ہندوازم کی حفاظت کرسکتے ہیں۔