این بھگت کمار کی وزیر داخلہ محمد محمود علی سے خیر سگالی ملاقات

   

ناگرجنا ساگر ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم چلانے پر اظہار تشکر ، پارٹی کے اصولوں پر قائم رہنے کا وعدہ
حیدرآباد :۔ ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے نو منتخب رکن اسمبلی این بھگت کمار نے آج ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ان کی رہائش گاہ پر خیر سگالی ملاقات کرتے ہوئے ضمنی انتخابات میں ان کی کامیابی کے لیے حلقہ میں قیام کرتے ہوئے انتھک محنت کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نو منتخب رکن اسمبلی کی شال پوشی کرتے ہوئے انہیں تحفہ پیش کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ حلقہ اسمبلی ناگرجنا ساگر کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے اور ان کے آنجہانی والد کے ادھورے کاموں کی تکمیل کرنے کے لیے دن رات کام کریں اور حلقہ کے عوام کو ہمیشہ دستیاب رہیں ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس ایک سیکولر جماعت ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر سماج کے تمام طبقات کا یکساں احترام کرتے ہیں اور تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے ۔ جہاں عیدیں و تہواریں سرکاری طور پر منائی جاتی ہیں ۔ لہذا وہ بھی تمام طبقات کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہیں ۔ این بھگت کمار نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے حلقہ اسمبلی میں سرگرم رہیں گے ۔ انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ این بھگت کمار نے وزیر داخلہ کی جانب سے ان کے لیے چلائی گئی انتخابی مہم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم اقلیتوں کے تمام محلوں میں جو انتخابی مہم چلائی ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ جس کی وجہ سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں نے ٹی آر ایس کے حق میں اپنے ووٹوں کا بھر پور استعمال کیا ہے ۔ جس کیلئے وہ وزیر داخلہ سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ پارٹی پالیسیوں پر برقرار رہتے ہوئے حلقہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے ۔۔