آئندہ اشاعت میںعمل آوری ، نام بدلنے کی سفارش منظور
نئی دہلی : ایک طرف ’انڈیا‘ اور ’بھارت‘ کو لے کر تنازعہ جاری ہے، اور دوسری طرف این سی ای آر ٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اس کی سبھی کتابوں میں ’انڈیا‘ کی جگہ ’بھارت‘ لفظ کا استعمال کیا جائے گا۔ قومی تعلیمی تحقیقی و تربیتی کونسل (این سی ای آر ٹی) کے ذریعہ تشکیل ایک کمیٹی نے یہ فیصلہ لیا ہے کہ کتابوں میں جہاں جہاں ملک کا نام ’انڈیا‘ استعمال ہوا ہے، اسے ’بھارت‘ لکھا جائے گا۔ یعنی جلد ہی این سی ای آر ٹی کی کتابوں میں سے ’انڈیا‘ لفظ ہٹا دیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی ای آر ٹی پینل کے ذریعہ کتابوں کے اگلے سیٹ میں انڈیا کی جگہ بھارت شائع کرنے کی تجویز کو پینل کے اراکین نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔ پینل کے اراکین میں سے ایک نے اس بات کی تصدیق بھی کر دی ہے۔میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق پینل کے اراکین میں سے ایک سی ای ایساک کا کہنا ہے کہ پینل کے سبھی اراکین نے ’انڈیا‘ کو بدل کر ’بھارت‘ کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ تجویز کچھ ماہ قبل پیش کی گئی تھی اور اب جبکہ اسے منظوری مل چکی ہے تو این سی ای آر ٹی کی نئی کتابوں میں ’انڈیا‘ کی جگہ ’بھارت‘ پرنٹ کیا جائے گاواضح رہے کہ ‘بھارت’ بمقابلہ ‘انڈیا’ پر بحث اس وقت شروع ہوئی جب صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کی طرف سے دیے گئے جی20 ڈنر کے دعوت نامہ میں ”پریسیڈنٹ آف بھارت”لکھا تھا۔اس کے بعد ایک سیاسی تنازعہ شروع ہو گیا تھا۔ ستمبر میں جب وزیر اعظم نریندر مودی دہلی کے پرگتی میدان میں بھارت منڈپم میں جی 20 لیڈرس سمٹ سے خطاب کر رہے تھے تو ان کے نام کی تختی پر بھی ‘بھارت’ آویزاں تھا۔ ہمارے ملک کا نام آئین کے آرٹیکل 1(1) میں انڈیا اور بھارت لکھا ہوا ہے۔