ایک اور گیارنٹی اندراماں مکانات پر 11 مارچ سے عمل آوری

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ،عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد ۔ 2 مارچ (سیاست نیوز) حکومت نے 6 گیارنٹی میں ایک اور گیارنٹی اندراماں مکانات اسکیم پر 11 مارچ سے عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اندراماں مکانات اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا ہے۔ اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے رہنمایانہ خطوط تیارکرنے اور تمام اہل خاندان کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گھر نہ رہنے والے تمام اہل افراد کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچانے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو بتایا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات سے قبل ریاست کے عوام سے 6 ضمانتوں کا اعلان کیا تھا، جس میں چار وعدوں کو پورا کردیا گیا ہے اور ایک وعدہ اندراماں مکانات اسکیم کا 11 مارچ سے آغاز کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے ذریعہ اراضی رکھنے والے غریب عوام کو مکانات کی تعمیر کیلئے5 لاکھ روپئے مالیاتی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ غریب مستحق افراد کو جن کے پاس اراضیات نہیں ہے انہیں اراضیات کے ساتھ مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کا معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ لہٰذا عہدیدار اس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلیں۔ اجلاس میں وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی، شہر کے انچارج وزیر پونم پربھاکر کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔2