ایک کیلوناکارہ پلاسٹک کے بدلے ایک کیلوچاول

,

   

کلکٹر ملگ سی نارائن ریڈی کی منفرد مہم
حیدرآباد۔ 20 نومبر (سیاست نیوز) ملک بھر میں پلاسٹک کے استعمال پر روک لگاتے ہوئے آلودگی پر قابو پانے کی مہم جاری ہے۔ ایسے میں تلنگانہ میں ملگ ضلع کے کلکٹر سی نارائن ریڈی نے ایک منفرد قدم اٹھایا ہے۔ عوام کو پلاسٹک کے استعمال سے روکنے کے لیے انہوں نے انوکھی اسکیم متعارف کی جس کے تحت ایک کیلو ناکارہ پلاسٹک کے بدلے ایک کیلو چاول کی پیشکش کی گئی ہے۔ نارائن ریڈی نے بتایا کہ اس مہم کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ابھی تک 44848 کیلو ناکارہ پلاسٹک عوام نے جمع کرایا ہے۔ اس مہم کا اکٹوبر میں آغاز ہوا تھا۔ ناکارہ پلاسٹک کا ذخیرہ گرام پنچایتوں میں جمع کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے بھی پلاسٹک کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے مختلف قدم اٹھائے ہیں۔ تجارتی اداروں کو پلاسٹک کے استعمال پر بھاری چالانات کئے جارہے ہیں۔ پلاسٹک کے استعمال سے آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے اور انسانی زندگی کو مختلف خطرات لاحق ہورہے ہیں۔ پلاسٹک کے نتیجہ میں کئی بیماریوں کے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔