اے ٹی ایم سے لاکھوں روپے کا سرقہ، 3 رکنی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) اے ٹی ایم مشینس میں نقد رقم محفوظ کرنے کے بہانے لاکھوں روپئے کے سرقہ میں ملوث تین رکنی ٹولی کو کیسرا پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلیدھر بھاگوت نے بتایا کہ 26 سالہ سائی رام سائی کرن جو رائٹرس سیف گارڈ پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی میں ملازمت کرتا تھا اور یہ کمپنی کارور ویسیا بینکس کے اے ٹی ایم مشینس میں نقد رقومات کو محفوظ کرنے کی ذمہ دار تھی۔ انہوں نے کہا کہ سائی کرن نے ناگارم کے اے ٹی ایم مشین کی چابیاں حاصل کرلی تھی اور اس نے اپنی گرل فرینڈ پوجا اور ایک ساتھی ٹی ناگراجو کی مدد سے وقفہ وقفہ سے 47 لاکھ 37 ہزار نقد رقم کا سرقہ کیا۔ پولیس نے اے ٹی ایم مشین سے نقد رقم کے غائب ہونے کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تنکیکی شواہد اکٹھا کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جس میں سائی کرن اور اس کے ساتھیوں کی شناخت کی گئی۔ کیسرا پولیس نے سائی کرن اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 40 لاکھ 24 ہزار نقد رقم اور ایک قیمتی کار برآمد کرلی۔