حیدرآباد 18 اگست : ( سیاست نیوز) : تلگو دیشم نے ٹی ڈی پی پولیٹ بیورو ممبر ورلا رامیا اور بی سی وومن لیڈر دلاوائی رما دیوی کو آندھرا پردیش کے گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی پوسٹ کیلئے حتمی شکل دیدی ہے ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اسمبلی میں اعلان کیا کہ حکومت نے گورنر کی منظوری کیلئے متعلقہ فائل پہلے ہی لوک بھون کو روانہ کردی ہے ۔ ورلا رامیا کو ایس سی کوٹہ کے تحت قانون ساز کونسل میں نمائندگی دی جائے گی ۔ رامیا اس سے قبل اے پی ایس آر ٹی سی صدرنشین کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے 2009 کے انتخابات میں تلگو دیشم کے ٹکٹ پر تروپتی لوک سبھا سیٹ سے انتخابات میں حصہ لیا تھا ۔ دلاوائی رما دیوی جو اننت پور سے بی سی خواتین کی لیڈر ہیں اور ڈاکرا مہیلا سنگم کی صدر اور ٹی ڈی پی کلسٹر انچارج کے طور پر کام کیا ہے ۔ رما دیوی کا تعلق وڈیرہ برادری سے ہے ۔ پارٹی کے نچلی سطح کے کارکن کو ایم ایل سی کا عہدہ دے کر ٹی ڈی پی ہائی کمان نے یہ اشارہ دیا کہ پارٹی کے کارکنوں کو مناسب پہچان اور عہدہ ملے گا ۔ گورنر کی منظوری زیر التوا ہے ۔ توقع ہے کہ دونوں قائدین جلد ایم ایل سی کے طور پر حلف لیں گے ۔ ش k/b