اے پی میں 6 سابق چیف منسٹرس کے فرزندان انتخابی میدان میں

   

جگن، لوکیش، بالا کرشنا، این منوہر اور سوریہ پرکاش ریڈی شامل
حیدرآباد۔/17 مارچ، ( سیاست نیوز) مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں سابق چیف منسٹرس کے جانشین بھی انتخابی میدان میں ہیں جس کے نتیجہ میں مہم دلچسپ رخ اختیار کرسکتی ہے۔ آندھرا پردیش میں 13 مئی کو انتخابات ہوں گے اور وائی ایس آر کانگریس ، تلگودیشم اور جنا سینا سے سابق چیف منسٹرس کے جانشین انتخابی میدان میں ہیں ان میں سے دو کا تعلق وائی ایس آر کانگریس سے ہے جبکہ 4 امیدوار تلگودیشم اور جنا سینا اتحاد سے تعلق رکھتے ہیں ۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی پولی ویندلہ سے دوبارہ چناؤ لڑیں گے۔ اس حلقہ سے ان کے والد سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی منتخب ہوچکے ہیں۔ تلگودیشم کے بانی این ٹی راما راؤ کے فرزند این بالا کرشنا جو ہندوپور کے رکن اسمبلی ہیں تیسری مرتبہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ این ٹی آر اور ہری کرشنا اس حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش منگل گیری حلقہ سے مقابلہ کریں گے جو گنٹور کا حلقہ ہے۔ لوکیش نے 2019 میں اسی حلقہ سے مقابلہ کیا تھا لیکن شکست ہوئی۔ سابق چیف منسٹر این بھاسکر راؤ کے فرزند این منوہر جنا سینا پارٹی سے ٹنالی حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ وہ متحدہ آندھرا پردیش میں اسپیکر رہ چکے ہیں ۔ سابق چیف منسٹر کے وجئے بھاسکر ریڈی کے فرزند کے سوریہ پرکاش ریڈی کرنول کے دھون حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ سابق چیف منسٹر جناردھن ریڈی کے فرزند این راجکمار ریڈی بھی اسمبلی الیکشن میں حصہ لیں گے۔1