بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی فیصلہ سے قبل ممبئی میں سخت سیکوریٹی

   

حساس علاقوں میں زائد پولیس فورس تعینات ، سوشیل میڈیا سرگرمیوںپر بھی کڑی نظر
ممبئی۔6نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی پولیس نے بابری مسجد ۔ رام جنم بھومی اراضی تنازعہ کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے آنے والے فیصلہ سے قبل سخت سیکوریٹی انتظامات کئے ہیں ۔حساس علاقوں میں زائد پولیس فورس تعینات کی گئی ہے اور سوشیل میڈیا سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی گی ہے ۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ممبئی میں امتناعی احکام پہلے ہی سے نافذ ہیں۔ شہرمیں فیصلہ کے احترام میں جشن منانے یا سوگ منانے کی کوئی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ممبئی میں ڈسمبر 1992ء میں بابری مسجد کی شہادت کے فوری بعد فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تھے ۔چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی اپنے ریٹائرمنٹ سے قبل 17نومبر کو بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنانے والے ہیں ۔ ممبئی پولیس کمشنر سنجے بروا نے کہا کہ انہوں نے صحافیوں اور علماء کرام کے بشمول مسلم طبقہ کے بعض اہم ارکان کے ساتھ ملاقات کی ہے جیسا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ آنے والا ہے ، اس فیصلہ کو ملک کے ہر شہری کی جانب سے قبول کیا جانا چاہیئے ۔ کمشنر پولیس نے مزید کہا کہ حساس علاقوں میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے حددرجہ احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ 4نومبر سے 18 نومبر تک ممبئی میں امتناعی احکام نافذ کئے گئے ہیں ۔ سوشیل میڈیا پر پیام رسانی کی بھی جانچ کی جارہی ہے ۔