بالاپور کی اوقافی اراضی کی فروخت کو روکنے وقف بورڈ کے اقدامات

   

رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو مکتوب ، ضلع کلکٹر سے نمائندگی
حیدرآباد: تلنگانہ وقف بورڈ نے بالاپور میں درگاہ حضرت میر مومن چپ المعروف فقیر ملا کی اوقافی اراضی کے تحفظ کے لئے محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کی ٹیم کو بالاپور روانہ کیا تاکہ اوقافی اراضی کی فروخت سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا جاسکے ۔ عہدیداروں کی ٹیم نے معائنہ کے بعد متولی کو پابند کیا کہ وہ وقف اراضی کی فروخت سے باز آئیں۔ بتایاجاتا ہے کہ گزٹ نوٹیفائیڈ وقف اراضی کو ذاتی قرار دیتے ہوئے حالیہ عرصہ میں فروخت کیا گیا۔ وقف بورڈ کی جانب سے رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اراضی کا رجسٹریشن روک دینے کی اپیل کی ہے ۔ بورڈ نے اراضی سے متعلق ریکارڈ کی کاپی رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو روانہ کی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ درگاہ شریف کے تحت تقریباً 1200 ایکر اراضی موجود ہیں۔ حالیہ عرصہ میں اراضی پر ناجائز قبضے اور فروخت کی کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ضلع کلکٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وقف اراضی کے تحفظ کی اپیل کی گئی ۔ وقف بورڈ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وقف اراضی کے خریدی کے معاملہ میں کوئی معاملت نہ کریں کیونکہ اس اراضی کے رجسٹریشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ وقف بورڈ کی جانب سے غیر مجاز قابضین اور فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیاجارہا ہے ۔ بالا پور کی اس قیمتی اوقافی اراضی پر طویل عرصہ سے لینڈ گرابرس کی نظریں ہیں ۔