بالاپور کے گررم چیروتالاب پر قبضہ کی کوشش ناکام

   

حیدرآباد ۔ 29اپریل ( سیاست نیوز) شہر کی اطراف جاری غیر مجاز قبضوں کے سلسلہ کے دوران سرکاری و اوقافی اراضیات پر لینڈ گرابرز کسی نہ کسی بہانے سے قبضہ کرنے کا موقع تلاش کرتے رہتے ہیں ۔ اس طرح کی ایک کوشش کو بالاپور تحصیلدار نے ناکام بنادیا ۔ ریونیو حکام کی چوکسی کے سبب گررم چیرو ( تالاب ) پر قبضہ کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا اور تحصیلدار کی شکایت پر پولیس بالاپور نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جس میںمقامی کارپوریٹر عبدالوہاب اور اس کا ساتھی علی ھمشان بتایا گیا ہے ۔ انسپکٹر پولیس بالاپور سائیلو نے بتایا کہ کارپوریٹر کے خلاف نوٹس جاری کی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گررم چیرو تالاب کے کناروں پر مٹی ڈال کر اس پر قبضہ کیا جارہا تھا اور تالاب کی ایف ٹی ایل سطح پر تعمیرات بھی کی جارہی تھیں اور ان قبضوں پر روہنگیائی مسلمانوں سے کرایہ حاصل کیا جارہا تھا ۔تحصیلدار بالاپور چندرا شیکھر گوڑ نے شکایت میں تفصیلات بتائی اور گررم چیرو تالاب پر قبضوں کو برخواست کرتے ہوئے ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ۔