بالاکوٹ میں 300 دہشت گرد مارے گئے

   

پاکستان کے سابق سفارت کار آغا حلالی کا انکشاف
اسلام آباد / سری نگر : جموں وکشمیر کے پلوامہ میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج کے ذریعہ 26 فروری 2019 کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو پار کرکے پاکستان کے بالا کوٹ میں جیش محمد دہشت گرد تنظیم کے ٹریننگ کیمپوں کے ٹھکانوں پر ایئر اسٹرائک کے بارے میں بڑا انکشاف سامنے آیا ہے ۔نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق پاکستان کے سابق سفیر آغا حلالی نے ایک ٹی وی شو میں اعتراف کیا ہے کہ 26 فروری 2019 کو بالا کوٹ میں سرجیکل اسٹرائیک میں تقریباً 300 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے حملے پر پاکستان کی عمران خان حکومت نے ہمیشہ ہی انکار کا موقف اختیار کیا ہے ۔ پاکستان کے سابق سفارتکار آغا حلالی نے اس بارے میں کہا کہ ہندوستان نے بین الاقوامی سرحد پار کرکے جنگ جیسا کام کیا۔ اس میں کم از کم 300 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ ہمارا ہدف ان سے الگ تھا۔ ہم نے ان کے بڑے افسران کو نشانہ بنایا۔ ہمارے ذریعہ اٹھائے گئے قدم پوری طرح قانونی تھے، کیونکہ وہ فوج کے آدمی تھے۔ ہم نے اس وقت کہا تھا کہ اس کارروائی میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اب ہم نے ان سے کہا ہے کہ وہ جو بھی کریں گے، ہم صرف اس کا جواب دیں گے۔ حلالی پاکستانی اردو چینل پر بحث کے دوران بول رہے تھے۔ سابق سفارتکار آغا حلالی کے ذریعہ بیان پاکستان مسلم لیگ ۔ نواز کے لیڈر ایاز صادق کے حالیہ تبصرہ کے بعد سامنے آیا۔