بجنورکی عدالت میں ملزم کے قتل کا معاملہ ،18پولیس اہلکار معطل

   

ڈی جی پی اور پرنسپل سکریٹری کی 20 ڈسمبر کو طلبی
بجنور؍ پریاگ راج:18دسمبر(سیاست ڈا ٹ کام) اترپریش کے ضلع بجنور کی ایک عدالت میں قتل کے معاملے میں چوکی انچارج سمیت 18 پولیس اہلکار کو معطل کیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجیو تیاگی نے آج یہاں بتایا کہ عدالت کے احاطے میں قتل کے معاملے میں چوکی انچارج سمیت 18 پولیس اہلکار کو ڈیوٹی کی ادائیگی میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں معطل کیا گیا ہے۔ اس میں 13 مرد اور چار خاتون پولیس اہلکار شامل ہیں۔الہ آباد ہائی کورٹ نے بجنور ضلع عدالت میں پیشی پر آئے قتل کے ملزم کی قتل کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی اور پرنسپل سکریٹری(داخلہ) کو طلب کیا ہے ۔عدالت نے اس معاملے کا خود سے نوٹس لیتے ہوئے ریاست کے پرنسپل سکریٹری(داخلہ)ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سمیت اعلی پولیس افسران کو 20دسمبر تک طلب کیا ہے ۔ جسٹس سدھیر اگروال اور جسٹس سنیت کمار کی بنچ نے ریاستی حکومت سے عدالتوں کی سیکورٹی میں اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔عدالت نے کہا ہے کہ جب عدالتیں ہی محفوظ نہیں ہیں تو عام شہریوں کی سیکورٹی کی امید کیسے کی جاسکتی ہے ۔