بحرین گرانڈ پری سے ایف ون 21 سیزن کا آغاز

   

منامہ : فارمولا ون کے منتظمین نے 2021 سیزن پر نظرثانی کرنے کے بعد تازہ ترین تفصیلات منظر عام پر پیش کردی ہے جس کے تحت نئے سیزن میں ریکارڈ 23 ریسس منعقد ہوں گی۔ 2021سیزن کا آغاز ایک ہفتہ تاخیر سے 28 مارچ کو بحرین گرانڈ پری سے ہوگا جبکہ آسٹریلیان گرانڈ پری سال کے اختتامی عرصے میں منعقد ہوگی۔ اس وقت ساری دنیا میں سفر پر عائد پابندی کی وجہ سے 2021ء چائنیس گرانڈ پری اپنے مقررہ وقت پر منعقد نہیں ہوگی لیکن ایمولا نے فارمولا ون میں رواں سیزن واپسی کی ہے۔ فارمولاون کی جانب سے جاری کردہ صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ منتظمین اور دیگر حکام سے مذاکرات چین میں جاری ہیں اور امید ہے کہ مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ دریں اثناء 2021ء فارمولا ون سیزن کا آغاز 28 مارچ کو بحرین گرانڈ پری سے ہوگا جبکہ ایمولا ریس 18 اپریل کو منعقد ہوگی۔ علاوہ ازیں سیزن کا اختتام 12 ڈسمبر کو ابوظہبی میں ہوگا۔ آسٹریلیا 2021ء سیزن میں تیسری آخری ریس کی میزبانی کرے گا جس کا انعقاد 21 نومبر کو ہوگا۔ 2020ء میں فارمولا ون ایک ایسا بین الاقوامی کھیل تھا جس میں کورونا بحران کے بعد عالمی سطح پر پہلے کھیل کے طور پر واپسی کی تھی۔ فارمولا ون شائقین کے لیے ایک خوشخبری بھی ہے کہ اس مرتبہ آسٹریلین گرانڈ پری بھی منعقد ہورہا ہے جو 18 تا 21 نومبر کو ہوگا۔ فارمولا ون اور اسٹریلیائی منتظمین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد یہ فیصلہ ہوچکا ہے کہ یہ ریس ملبورن میں منعقد ہوگی۔