برازیل فٹ بال لیگ کا 9 اگست کو آغاز

   

برازیلا۔ برازیلین فٹ بال کنفیڈریشن (سی بی ایف) نے کورونا وائرس وبائی مرض کی وجہ سے پیدا شدہ موجودہ حالات پر علاقائی حکام کی مخالفت کے باوجود قومی برازیل فٹ بال لیگ کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے 9 اگست کی تاریخ مقرر کی ہے۔ برازیلین فٹ بال کنفیڈریشن (سی بی ایف) کے مطابق 20 ٹیموں کا دوسرا ڈویژن ایک روز قبل دوبارہ شروع ہوگا۔موجودہ حالات میں ریو ڈی جنیرو میں اب تک صرف ایک ریاستی چمپین شپ دوبارہ شروع ہوئی ہے جو کہ تنازعہ کی زد میں آچکی ہے کیونکہ برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جو دنیا میں زیادہ اموات ہونے والے ممالک میں دوسرے درجے پر ہے۔ ساو پائولو کے گورنر جوائو ڈوریا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مارچ کے وسط سے وبائی بیماری کی وجہ سے ریاست کی ٹیمیں قومی ٹورنمنٹ میں اس وقت تک حصہ نہیں لیں گی جب تک کہ وہ اپنی علاقائی چمپین شپ ختم نہ کر لیں جو منجمد ہوچکی تھیں، ان کے تین راونڈز کھیلے جانے ابھی باقی ہیں۔جوائو ڈوریا نے کہا کہ 9 اگست سے سی بی ایف کے دوبارہ شروع ہونے کے فیصلے کے بارے میں ریاست ساوپاولو کی حکومت سے پہلے مشاورت نہیں کی گئی تھی۔سی بی ایف نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ساو پاولو کے 20 میں سے 19 کلبوں میں تمام افراد نے کھیلنے کے لئے ووٹ دیا تھا اور ساو پاولو کے کلبوں نے سی بی ایف کے ساتھ رابطے میں اپنے موقف کی تصدیق کر دی تھی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ٹیمیں ضرورت پڑنے پر اپنی ریاستوں سے باہر ڈومیسٹک میچز کھیلیں گی۔ پولِستا فٹ بال چمپئن شپ برازیلین کی سب سے اہم ریاستی لیگ ہے جس میں پانچ ٹیمیں قومی فرسٹ ڈویژن اورچار دوسرے درجے میں شرکت ہیں۔ ان پانچ ٹیموں میں برگنٹینو ، کرنتھیس ، پالمیرس ، سانٹوس اور ساو پاولو شامل ہیں۔