برقی صارفین کو کسی بھی ای آر او سنٹرس پر بل ادائیگی کی سہولت

   

گریٹر حیدرآباد کے 54 لاکھ برقی صارفین کو آسانی ، ڈسکام کافیصلہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاست ایس پی ڈی سی ایل نے برقی صارفین کو بہتر و نئی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے موثر اقدامات کا آغاز کیا ہے جس کے تحت گریٹر حیدرآباد کے حدود میں برقی صارفین آئندہ سے اپنے برقی بلز اپنے علاقہ کے برقی بلز ادائیگی سنٹر کے علاوہ کسی بھی ای آر او سنٹر (الیکٹریسٹی بلز ادائیگی سنٹرس ) پر ادا کرسکیں گے ۔ یہ سہولت برقی صارفین کے لیے ڈسکام نے فراہم کی ہے ۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ڈسکام کی جانب سے اب تک برقی سربراہی میں خلل اندازی وغیرہ کی اطلاعات علاقہ واری اساس پر برقی صارفین کے سیل فونس پر دینے کے فرائض انجام دینے کے علاوہ اب برقی بلز کی بہ آسانی ادا کرنے کے مواقع بھی فراہم کرے گا جب کہ گریٹر حیدرآباد زون کے حدود میں پائے جانے والے جملہ 9 سرکلس میں 54 لاکھ سے زائد برقی کنکشن پائے جاتے ہیں اور 26 برقی ڈیویژنس کی روشنی میں جس ڈیویژن سے تعلق رکھنے والے برقی صارفین اسی ای آر او سنٹر پر اپنے برقی بلز ادا کررہے تھے اور اتفاقی طور پر اپنے علاقہ کے ای آر او سنٹر سے ہٹ کر کوئی اور ای آر او سنٹر پر پہونچکر اپنا برقی بل ادا کرنے کی کوشش پر بل کی رقم حاصل کرنے سے صاف انکار کردیا جاتا تھا لیکن اب گریٹر حیدرآباد کے کسی بھی ای آر او سنٹر پر برقی بل ادا کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس اے پی ڈی سی ایل مسٹر رگھوما ریڈی نے تمام عہدیداران برقی ( ای آر اوز ) کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے اس سلسلہ میں موثر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ برقی صارفین کو اس نئی سہولت کی فراہمی کے نتیجہ میں ’ ڈسکام ‘ کو ہر ماہ کے پہلے ہفتہ میں ہی بڑے پیمانے پر برقی بلوں کی ادائیگی کا قوی امکان برقی عہدیداروں میں پایا جارہا ہے ۔۔