برقی قلت اور کٹوتی کا بے بنیاد پروپگنڈہ

   

حکومت کو بدنام کرنے کی سازش ، وزیر ملوبھٹی وکرمارک
حیدرآباد۔29جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں برقی قلت اور کٹوتی کے متعلق سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپگنڈہ کے ذریعہ حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور بھارت راشٹرسمیتی قائدین اس سوشل میڈیا پروپگنڈہ کو ہوا دیتے ہوئے ریاست میں ’ اندر اماں ‘ راجیم کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد اگر برقی سربراہی کا جائزہ لیا جائے تو ریاست میں سال گذشتہ کے مقابلہ میں زیادہ برقی سربراہ کی گئی ہے۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے کہا کہ ریاستی حکومت نے آئندہ موسم گرما کے دوران بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں اور تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں جہاں موسم گرما کے پیش نظر محکمہ برقی کی جانب سے مرمتی کام جاری ہیں وہاں کچھ وقفہ کے لئے برقی سربراہی منقطع کی جا رہی ہے تاکہ موسم گرما کے دوران برقی سربراہی کو بہتر بنایا جاسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ماہ ڈسمبر سال 2023 کے دوران محکمہ کی جانب سے یومیہ 207.7 ملین برقی سربراہ کی گئی ہے جبکہ سال گذشتہ اس مدت کے دوران یومیہ 200ملین یونٹ برقی سربراہ کی جارہی تھی۔ انہو ںنے بتایا کہ جاریہ سال کے آغاز سے اب تک یعنی 28 جنوری 2024 تک کے ریکارڈس کا جائزہ لیا جائے تو ریاست میں یومیہ 242.43 ملین یونٹ یومیہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ سال گذشتہ ماہ جنوری کے دوران 226 ملین یونٹ یومیہ سربراہی کے اقدامات کئے گئے تھے۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے موسم گرما کے دوران برقی سربراہی کو بہتر بنانے کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے اور کسی بھی طرح کی برقی قلت کی صورتحال پیدا نہ ہو اس کے لئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے کہا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ نے بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کے سلسلہ میں جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے مطابق موسم گرما کے دوران صورتحال کو قابو میں رکھنے اور برقی طلب میں ہونے والے اضافہ سے نمٹنے کے اقدامات کو بھی یقینی بنانے کے سلسلہ میں وسیع پیمانے پر منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت کو بدنام کرنے کے لئے بعض لوگ سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ریاست تاریکی میں ڈوب چکی ہے جبکہ ریاستی حکومت عوام کے خوابوں کو پورا کرنے میں ہمہ وقت مصروف ہے۔ ریاستی حکومت کے خلاف جس طرح کا پروپگنڈہ کیا جا رہاہے اس پروپگنڈہ کے جواب حکومت کی جانب سے کارکردگی کا ذریعہ دیا جا رہاہے اور آئندہ دنوں میں کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے کہا کہ حکومت پر جو لوگ بے بنیاد الزام عائد کر رہے ہیں وہ دراصل نہیں چاہتے کہ ریاست کے عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے ۔3