بریانی کا کمال ہے وکٹیں مل رہی ہیں: محمد سمیع

   

کولکتہ ۔18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) اندور ٹسٹ میں ہندوستان کی بنگلہ دیش کے خلاف اننگز اور 130 رن کی جیت میں فاسٹ بولروں کا بڑا کردار رہا۔ ایشانت شرما ، امیش یادو اور محمد سمیع کی جوڑی نے بنگلہ دیشی ٹیم کو تین دن کے اندر نمٹا دیا اور ہندوستان کو آسان جیت دلادی۔ اس میچ میں ہندوستانی فاسٹ بولروں کے کھیل کے سامنے اسپنرس بھی پھیکے پڑگئے۔ ایسا کافی کم دیکھا گیا ہے کہ جب ہندوستانی پچوں پر اسپنرس کے موازنہ میں فاسٹ بولروں نے اپنا جلوہ بکھیرا ہو لیکن ابھی جس فارم میں ایشانت ، امیش اور سمیع ہیں ، ان کے سامنے اشون اورجڈیجہ کی ضرورت نہیں پڑی۔ ہندوستانی فاسٹ بولروں کی جماعت نے اندور ٹسٹ میں بنگلہ دیش کے 20 میں سے 14 وکٹ لئے۔ اندور ٹسٹ کے تیسرے دن پہلے سیشن میں کپتان کوراٹ کوہلی نے سارے اوورس اپنے فاسٹ بولروں سے ہی کروائے تھے۔ایشانت نے مزاحیہ اندازمیں پوچھا کہ ایسا کیا کرتے ہو کہ ہرگیند میں وکٹ ملتی ہے۔ ایشانت نے کہا کہ میں سمیع سے پوچھتا ہوں کہ وہ ایسا کیا کررہا ہے ، جب پیڈ پر لگتی ہے تو آوٹ کردیتا ہے ، بیٹسمین پل مارتا ہے تو آوٹ ہوجاتا ہے۔ میں اس سے پوچھ رہا ہوں کہ ایسا کیا کررہا ہے۔ ہمیں بھی بتادیں کہ ہم تو بیٹسمینوں کو چکمہ دے دے کر پریشان ہیں ، یہ ایسی کون سی چیز کررہا ہے۔ ایشانت کے مذاق پر سمیع نے کہا کہ میرے دماغ میں رہتا ہے کہ میں کوچ اورکپتان کی طرف سے آزاد ہوں ، باقی آپ لوگ ہیں جو مجھے آزاد رہنے دیتے ہیں اور زیادہ سوچنے نہیں دیتے۔ ایشانت نے کہا کہ ایسی آزادی تو ہمارے پاس بھی ہے ، جس پر محمد سمیع نے جواب دیا کہ میں جوکرنا چاہتا ہوں ، میں وہی کررہا ہوں ، میں اچھی جگہ پر رکھ رہا ہوں۔ آپ لوگ میرا کام آسان کردیتے ہیں۔ ایشانت شرما نے پھر سوال کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی وہی کرتے ہیں ، میں کچھ اور پوچھ رہا ہوں اور تم کچھ اور جواب دے رہے ہو ، ہم بھی اچھی جگہ پر بولنگ کررہے ہیں ، لیکن تم مارتے ہو تو پیڈ پر تو نیچے لگ جاتی ہے اور ہم مارتے ہیں تو چوک جاتی ہے۔ ایسا کیوں ؟۔ اس سوال کے جواب پر محمد سمیع نے کہا کہ دیکھو لوگوں نے کہا ہے کہ یہ بریانی کا کمال ہے اور اس کے علاوہ اللہ تعالی کا کرم ہے۔ ایک چیز ہے کہ میں جس لائن اور لینتھ پر بولنگ کرنا چاہتا ہوں ، گیند وہیں پڑرہی ہے اور مجھے اسی سے کامیابی مل رہی ہے تو میں اسے اعادہ کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔