لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے ایک انٹرویو میں محمد عامر کی صلاحیتوں اور تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقینی طور پر لگتا ہے کہ عامر کو اپنے کیریئر کے درمیان میں ہی سمجھ آگئی ہے کہ ان کے لیے بہتر کیا ہے، میں اب بھی سوچتا ہوں کہ اس وقت وہ سفید بال کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ محمد عامر کی ہمت کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بات میں عامر کے بارے میں پسند کرتا ہوں کہ جب کوئی سخت صورت حال ہوتی ہے تو وہ بائولنگ کرنا چاہتا ہے، اسے اپنے پلانز کا علم ہوتا ہے، اب بھی اچھی رفتار سے گیند بازی کرسکتا ہے اور عقل مند اور تجربہ کار کھلاڑی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کسی بھی وائٹ بال ٹیم کا کوچ ہوتا تو لازمی عامر کو اپنی ٹیم میں شامل کرتا۔
مکی آرتھر کے اس تبصرے کے جواب میں محمد عامر نے ایک ٹویٹ میں جواب دیا کہ ’’شکریہ کوچ، میں دنیا میں کہیں بھی آپ کی کوچنگ میں کھیلنا پسند کروں گا‘‘۔