بمراہ انگلینڈ کیخلاف چوتھا ٹسٹ نہیں کھیلیں گے

   

احمد آباد: ہندستان کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں نہیں کھیلیں گے ۔بمراہ نے ذاتی اسباب کی وجہ سے چار مارچ سے احمد آباد میں شروع ہورہی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں نہیں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بمراہ کو چوتھے ٹیسٹ کے لئے ٹیم سے ریلیز کردیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق بمراہ نے اس کے لئے ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے ۔ اس درمیان بی سی سی آئی نے اعلان کیا ہے کہ چوتھے ٹیسٹ کے لئے ہندستانی ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوگی۔ہندستان نے چار ٹیسٹ کی سیریز میں 2-1کی سبقت بنا لی ہے ۔ پہلا ٹیسٹ انگلینڈ نے 227رن سے جیتا تھا جس کے بعد ہندستان نے دوسرا ٹیسٹ 317رن سے اپنے نام کرکے سریز میں برابری کرلی تھی۔ ہندستان نے احمدآباد میں تیسرا ٹیسٹ جیت کر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کا اپنا دعوی مضبوط کردیا ہے ۔ہندستان کواب اسی میدان پر ہونے والے چوتھے اور آخری مقابلے کو جیتنا یا ڈرا کرانا ہے ، جس سے وہ اس سال جون میں انگلینڈ کے لارڈ میدان پر ہونے والی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ جائے گا۔ اس شکست کے ساتھ انگلینڈ عالمی چیمپئن شپ کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے ۔تیسرے ٹیسٹ میں احمدآباد اسٹیڈیم کی پچ پر اسپنروں کا جلوہ رہا اور تیز گیند بازوں کو اپنا کمال دکھانے کا موقع نہیں ملا۔ بمراہ نے انگلینڈ کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میں صرف چھ اوور گیندبازی کی تھی۔ دو دن میں ختم ہوگئے اس میچ میں کل ملاکر 30وکٹ گرے جن میں سے 28اسپنروں کو ملیں۔بمراہ نے اس سیریز میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے جن کی تین اننگز میں 48اوور کرکے چار وکٹ لئے ۔ اس دوران انہوں نے ایک اننگز میں 84رن دیکر تین وکٹ بھی لئے تھے ۔ بمراہ نے سریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا، جس میں ہندستان کو شکست ملی تھی۔ دوسرے میچ میں ان کی جگہ محمد سراج کو موقع ملا تھا اور یہ میچ ہندستان نے جیتا تھا۔ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں سراج کی جگہ بمراہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔