بنگلہ دیشی ڈپٹی ہائی کمشنر صالحین کی نئی دہلی میں ریسیڈنٹ کمشنر تلنگانہ سے ملاقات، تلنگانہ کی ترقی کی ستائش
حیدرآباد ۔27۔ ستمبر (سیاست نیوز) بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر متعینہ چینائی شیلی صالحین نے آج نئی دہلی میں تلنگانہ کے ریسیڈنٹ کمشنر ڈاکٹر گورو اپل سے ملاقات کی۔ بنگلہ دیش اور تلنگانہ کے درمیان انفارمیشن ٹکنالوجی، سیاحت اور صحت کے شعبہ میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی ہائی کمشنر بنگلہ دیش نے نئی دہلی میں واقع تلنگانہ بھون پہنچ کر یہ خیر سگالی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تلنگانہ کے ریسیڈنٹ کمشنر ڈاکٹر اپل نے ریاست میں ہمہ جہتی ترقی کی سمت پیشرفت اور حکومت کی جانب سے مختلف شعبہ جات کی حوصلہ افزائی کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ خاص طورپر ہیلت ٹورازم، انفارمیشن ٹکنالوجی اور حیدرآباد میں عالمی اداروں کی سرمایہ کاری کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اڈوانس میڈیکل کیر اور عصری ٹکنالوجی کے اختراع جیسے شعبہ جات میں تلنگانہ حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ ریسیڈنٹ کمشنر نے حیدرآباد کے ہیلت کیر اور آئی ٹی انفراسٹرکچر مرکز کے طور پر ابھرنے کی تفصیلات پیش کی اور کہا کہ کئی بین الاقوامی اداروں میں حیدرآباد میں طبی خدمات کی فراہمی میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ عالمی ادارے حیدرآباد میں سرمایہ کاری میں حکومت سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد انفراسٹرکچر کے شعبہ میں ورلڈ کلاس شہر کا موقف اختیار کرسکتا ہے۔ ریاست میں اسمارٹ سٹی پراجکٹس کا آغاز کیا جارہا ہے اور بڑے شہروں کے رابطہ کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا۔ بنگلہ دیش اور تلنگانہ کے درمیان ہیلت کیر اور ٹورازم کے شعبہ میں باہمی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے تلنگانہ کی ترقی کی ستائش کی اور کہا کہ ان کا ملک ہیلت کیر شعبہ میں تلنگانہ کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اجلاس میں ہیلت ٹورازم اور دیگر شعبہ جات میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے مزید مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا ۔ 1