بورا بنڈہ میں زلزلہ کے جھٹکے و ارتعاش معمولی

   

مزید جھٹکے بھی ممکن ۔ عوام بالکل خوفزدہ نہ ہوں۔ ماہرین
حیدرآباد۔ بورا بنڈہ علاقہ میں آئندہ دو ہفتوں کے دوران مزید زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے جائیں گے لیکن عوام کو ان سے خوفزدہ ہوتے ہوئے کھلے میں نکلنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ جھٹکے معمولی نوعیت کے ہونگے جن سے کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ گذشتہ تین یوم میں بورابنڈہ علاقہ میں زلزلہ کے جھٹکوں اور زمین کی سطح کے اندرونی حصہ سے گڑگڑاہٹ کی آوازوں کے سبب رات کے اوقات میں عوام میں خوف و سراسیمگی ہے لیکن نیشنل جیوفزیکل ریسرچ انسٹیٹیوٹ ماہرین نے زمین میں ارتعاش کے متعلق بتایا کہ اس علاقہ میں جو جھٹکے محسوس کئے جا رہے ہیں ان کو زلزلہ پیما پر 0.8 ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ انتہائی معمولی نوعیت کے ہیں ۔ ڈاکٹر ڈی سری ناگیش نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ماہرین کے مطابق آئندہ دو تا تین ہفتوں میں اس طرح کی آوازیں اور ارتعاش محسوس کیا جائے گا لیکن یہ کوئی بڑے نقصان کا سبب نہیں ہوگا۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان آوازوں اور ارتعاش سے خوفزدہ نہ ہوں بلکہ ان کے باوجود کھلے میں پہنچنے کی کوشش میں گھروں سے نہ نکلیں کیونکہ ان کی قوت انتہائی معمولی ہے جو نقصان پہنچانے کی متحمل نہیں ہوتی۔ ماہرین کا کہناہے کہ علاقہ پہاڑی ہونے کے علاوہ دیگر وجوہات کی بناء پر اس علاقہ میں گذشتہ تین یوم سے ایسی آوازیں سنائی دے رہی ہیں ۔انہو ںنے بتایا کہ این جی آر آئی کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ علاقہ میں ارتعاش کامنبع تلاش کیاجائے اور وجوہات کا جائزہ لیا جائے۔