بودھن میں عوامی قائدین کے اجلاس سے اے سی پی راما راؤ کا خطاب
بودھن ۔ انسداد نیشنل اشیاء کے عنوان پر یہاں اسسٹنٹ کمشنر پولیس بودھن راما راؤ کے زیر نگرانی بودھن میں عوامی قائدین اور معزز افراد کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر اے سی پی راما راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کے ہونہار بچوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا سرپرستوں کے ساتھ ہی ساتھ مقامی ذمہ دار شہریوں کی ذمہ داری بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض لڑکے پہلے شوقیہ طور پر گانجہ یا دیگر نشیلی اشیاء کا استعمال کرتے ہیں ۔ اگر انہیں اس طرح کی غلط حرکتوں سے باز نہ رکھا گیا تو وہ آگے چل کر نشہ کرنے کے عادی ہوجاتے ہیں ۔ اے سی پی نے کہا کہ عصری ٹکنالوجی کا بعض ہونہار لڑکے غلط استعمال کرتے ہوئے جوا و دیگر برائیوں میں مبتلا ہونے کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں ۔ اے سی پی نے ہر ایک موضع میں سی سی کیمرے نصب کرنے اور بُری عادتوں میں مبتلا افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے پولیس کو مطلع کرنے کی خواہش کی ۔ سرکل انسپکٹر پولیس رورل بودھن رویندر نائیک نے اپنے خطاب میں کہا کہ بری عادتوں میں ملوث بچوں اور عام افراد کی کونسلنگ کی جائیگی ۔ بعد ازاں اس اجلاس میں شریک افراد نے سرکاری سطح پر شروع کی گئی نشہ ور اشیاء سے پاک علاقہ قرار دینے کی مہم کو کامیاب بنانے کا شریک اجلاس افراد نے عہد کیا ۔