بھیانک سڑک حادثہ میں ایک صحافی ہلاک

   

حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین پنجہ گٹہ فلائی اوور پر پیش آئے ایک دردناک سڑک حادثہ میں 34 سالہ محمد تاج الدین ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے بموجب مذکورہ شخص اپنی موٹر سیکل پر بنجارہ ہلز سے بذریعہ پنجہ گٹہ فلائی اوور بیگم پیٹ جارہا تھا کہ مخالف سمت سے تیز رفتار کار نے اسے ٹکر دے دی۔کارکی رفتار اتنی تیز تھی کہ حادثہ کے دوران تاج الدین ہوا میں اُڑ کر سڑک پر گرپڑا اور اس کے سر و جسم پر گہرے زخم آئے جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔بتایا جاتا ہے کہ تاج الدین ایک اخبار کا ملازم تھا۔ راہ گیروں نے پولیس پنجہ گٹہ کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا اور بذریعہ ایمبولنس تاج الدین کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا۔ پنجہ گٹہ پولیس نے اس ضمن میں کار ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔