عوامی مسائل کی یکسوئی کی ستائش، بہار میں شروعات کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔11۔ستمبر (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ جی وجیہ لکشمی سے بہار سے تعلق رکھنے والے 120 گروپ I عہدیداروں نے ملاقات کی اور پرجا وانی پروگرام میں عوامی سماعت کا جائزہ لیا۔ پرجا بھون میں بہار کے عہدیداروں نے پرجا وانی پروگرام میں گہری دلچسپی دکھائی اور کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ عوامی مسائل کی یکسوئی میں مدد مل سکتی ہے، لہذا وہ بہار میں سرکاری سطح پر اس پروگرام کو شروع کرنے کی حکومت سے سفارش کریں گے ۔ شریمتی جی وجیہ لکشمی نے جو پرجا وانی پروگرام کی انچارج ہیں، بہار کے عہدیداروں کو پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے شخصی طور پر عوام سے درخواستوں کو وصول کیا اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔ وجیہ لکشمی نے عہدیداروں کو درخواستوں کی فوری یکسوئی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے موصولہ درخواستوں کی مکمل جانچ کرکے یکسوئی کی جانی چاہئے ۔ بہار کے گروپ I عہدیداروں نے بھی عوام سے بات کی اور ان کے مسائل کی یکسوئی سے متعلق دریافت کیا۔ وجیہ لکشمی نے کہا کہ عوام کو نظم و نسق سے قریب کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یہ پروگرام شروع کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرجا وانی پروگرام کو منڈل کی سطح پر شروع کیا گیا تاکہ عوام اپنے مقامات پر درخواستیں داخل کرسکیں۔ چیف منسٹر پرجا وانی پروگرام میں آج جملہ 101 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں ریونیو 24 ، بی سی ویلفیر 13 ، بلدی نظم و نسق 16 اور دیگر محکمہ جات کی 48 درخواستیں شامل ہیں۔ اسٹیٹ نوڈل آفیسر کے ودیا ساگر اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1/k