بیرونی ورکرس اور مزدوروں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری

,

   

بازآبادکاری کیلئے کیمپس کا قیام، وزیر فینانس ہریش راؤ کا دورہ
حیدرآباد ۔31 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے ورکرس اور مزدوروں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انسانی ہمدردی کا غیر معمولی مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر ریاستوں کے ورکرس کے لئے اناج اور نقد رقم پر مشتمل پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بیرونی ریاست ورکرس کو موجودہ حالات میں نقل مقام کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے آج 360 سے زائد بیرونی مزدوروں کے لئے قائم کردہ کیمپ کا دورہ کیا اور امداد حوالے کی۔ ہریش راؤ نے گجویل میں 680 مزدوروں کے کیمپ کا بھی معائنہ کیا ۔ سدی پیٹ ضلع میں 4 کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں ہر شخص کو 12 کیلو چاول اور فی کس 500 روپئے کی امداد حوالے کی گئی ۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ مختلف پراجکٹس کے نتیجہ میں ضلع میں 10300 بیرونی مزدور قیام کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نقل مقام کرنے والے ورکرس میں بھروسہ پیدا کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ انہیں خاندان کے ایک رکن کی طرح دیکھا جائے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ورکرس کو اپنے آبائی مقامات واپس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت کی جانب سے راشن کارڈ کے بغیر ہی ہر شخص کو 500 روپئے کی امداد دی جارہی ہے ۔