ریاض: متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی مرکزِفلکیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ ان بیشتر ممالک میں عیدالفطر 2 مئی کومنائی جائے گی جہاں یکم اپریل سے رمضان المبارک کا آغازہواتھا۔ یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق مرکزکے ڈائریکٹر انجینئرمحمد شوکت عودہ نے وضاحت کی ہے کہ 30 اپریل کوشوال کا ہلال دیکھنا ناممکن ہوجائے گا کیونکہ چاند سورج سے پہلے غروب ہوجائے گا۔اس لیے 2 اپریل کورمضان المبارک کا آغاز کرنے والے ممالک یکم مئی کو اس ماہ مقدس کا اختتام کریں گے اور 2 مئی کو ان کے ہاں عیدالفطر منائی جائے گی۔وہ ممالک،جہاں 3 اپریل کو ماہِ صیام کا آغازہوا تھا؛جیسے برونائی، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، پاکستان، بھارت، عمان، اردن اور مراکش وغیرہ میں یکم مئی کو شوال کے ہلال رؤیت ممکن ہوگی تاکہ یہ تعیّن کیاجاسکے کہ عیدالفطر کا پہلا دن کب ہے۔اس دن ان ممالک میں 29 واں روزہ ہوگا۔تاہم عودہ نے کہا کہ یکم مئی کوآسٹریلیا اور آس پاس کے علاقوں میں نئے ہلال کی رؤیت بالکل بھی ممکن نہیں ہوگی۔انھوں نے مزید کہا کہ صرف وسط اور مغربی ایشیا، یورپ کے بیشتر علاقوں اور افریقا کے جنوب میں دوربین کے ذریعے نئے ہلال کی رؤیت ممکن ہوگی۔