بینک قرض فراہم کرنے کے نام پر دھوکہ دینے والی بین ریاستی ٹولی گرفتار

   

موبائیل فونس ، لیاپ ٹاپس اور دیگر اشیاء ضبط ، سائبر کرائم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) بینک قرض فراہم کرنے کے نام پر سینکڑوں افراد کو دھوکہ دینے والی بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پولیس سائبر کرائمس اسنیہا مہرا نے بتایا کہ ہریانہ کے شہر فرید آباد سے تعلق رکھنے والے ترون اوجھا اور اس کے ساتھیوں گروچرن سنگھ، یوگیندر سنگھ بدوریا اور شہادت انصاری جو میجک ٹرپ انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ارکان ہیں نے ملک بھر میں کئی افراد کو بذریعہ فون یہ بھروسہ دلایا کہ انہیں کم وقت اور آسانی سے بینک کا قرض فراہم کیا جاسکتا ہے۔ دھوکہ بازوں کے جھانسہ میں آکر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر سٹیزن نے مکان کیلئے قرض حاصل کرنے کیلئے دھوکہ بازوں سے رابطہ قائم کیا اور قرض کی درخواست کیلئے مختلف چارجس کے تحت 30 لاکھ روپئے دھوکہ بازوں نے ان سے حاصل کرلئے تھے۔ بعد ازاں ریلائینس کیاپٹل کے نام سے ایک فرضی منظوری کا لیٹر بھی روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھوکہ بازوں نے ایک کال سنٹر قائم کیا تھا اور اس میں کئی لڑکیوں اور خواتین کو ٹیلی کالنگ کیلئے استعمال کیا گیا۔ مذکورہ دھوکہ باز ٹولی کا طریقہ کار تھا کہ وہ کئی افراد سے فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے مختلف اخراجات کے نام پر لاکھوں روپئے ہڑپ لیا کرتے تھے۔ سائبر کرائم کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ اب تک بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی نے 27 افراد کو دھوکہ دیا ہے۔ گرفتار ملزمین کے قبضہ سے موبائیل فونس، لیاپ ٹاپس اور دیگر اشیاء برآمد کئے گئے جبکہ اس کیس کے دیگر ملزمین کو سی آر پی سی کی نوٹس حوالے کی گئی۔ ڈی سی پی کرائم اسنیہا مہرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دھوکہ بازوں کے چنگل میں نہ آئیں۔ب