بین الاقوامی حمایت کے بعد حوثیوں کے ٹھکانوں پر نئے امریکی و برطانوی حملے

   

صنعا: امریکہ اور برطانیہ نے منگل کو علی الصباح یمن کے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ گذشتہ دس روز میں حوثیوں کے خلاف یہ آٹھواں موقع ہے جب امریکی فوجی تنصیبات سے حوثی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔غزہ جنگ کے دوران تجارتی بحری جہازوں پر حملے کرنے والے اور خطے میں کشیدگی کا باعث بننے والے یمن کے حوثیوں کے خلاف امریکہ اور برطانیہ نے جنگی جہازوں، بحری جہازوں اور آبدوزوں کی مدد سے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔امریکی دفاعی حکام نے کہا ہے کہ حملوں میں حوثیوں کے آٹھ مقامات پر متعدد اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں زیرِ زمین اسٹوریج کی سہولت کے ساتھ ساتھ میزائل لانچنگ سائٹس اور حوثیوں کی نگرانی کی صلاحیتوں سے منسلک دیگر مقامات شامل ہیں۔ان حملوں کا مقصد بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تجارت کی راہ میں رکاوٹ بننے والے حوثیوں کی مشرقِ وسطیٰ میں تجارتی بحری جہازوں پر حملے کرنے کی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔ایک سینئر امریکی فوجی اہلکار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حملے کے مقامات کو جان بوجھ کر ہتھیاروں کے نظام کو نشانہ بنانے منتخب کیا گیا تھا تاکہ ہلاکتوں میں اضافہ نہ ہو۔