بین الاقوامی سطح پر پروازوں کے آغاز پر مختلف ممالک سے مذاکرات

   

کمرشیل پروازوں پر کوئی فیصلہ نہیں ، مرکزی وزیر ہوا بازی ہردیپ سنگھ
حیدرآباد۔ ہندوستان کی جانب سے دنیا کے 13 ممالک کے ساتھ باہمی رضامندی کے ساتھ قومی پروازوں کے بین الاقوامی سطح پر آغاز کے سلسلہ میں مذاکرات جاری ہیں۔ مرکزی وزیر شہری ہوابازی مسٹر ہردیپ سنگھ پوری نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کمرشیل پروازوں کے آغاز کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور بین الاقوامی کمرشیل پروازوں کے سلسلہ میں اب تک کوئی فیصلہ نہ کئے جانے کے سبب باہمی رضامندی کے ساتھ قومی پروازوں کو بین الاقوامی سطح پر چلانے کے سلسلہ میں بات چیت کا عمل جاری ہے۔مرکزی وزیر نے بتایاکہ جولائی سے ہندستان نے ائیر ببل منصوبہ پر عمل کرتے ہوئے کئی شرائط کے ساتھ پروازوں کا آغاز کردیا ہے جن ممالک کے ساتھ پروازوں کا آغاز کیا گیا ہے ان میں امریکہ ‘ برطانیہ ‘ فرانس ‘ جرمنی ‘متحدہ عرب امارات اور مالدیوز شامل ہیں۔انہوں نے ٹوئیٹر پر بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے آئندہ دنو ںمیں مزید 13ممالک کے ساتھ ائیر ببل منصوبہ کے تحت پروازوں کے آغاز کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے جس میں ان ممالک کی قومی پروازوں کو شرائط کے ساتھ اجازت فراہم کی جائے گی۔

مسٹر ہردیپ سنگھ پوری نے بتایا کہ اب جن ممالک کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں ان میں آسٹریلیاء ‘ اٹلی ‘ جاپان‘ نیوزی لینڈ‘نائجیریا‘ بحرین‘اسرائیل ‘ کینیا ‘ فلپائن ‘ روس‘سنگاپور ‘ ساؤتھ کوریا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس منصوبہ کے تحت ائیر ببل منصوبہ کے تحت بنگلہ دیش‘سری لنکا‘ افغانستان کے علاوہ نیپال اور بھوٹان سے بھی مذاکرات کئے جائیں گے لیکن تاحال ان ممالک کے ساتھ کوئی مذاکرات کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے بعد ہندوستان نے کمرشیل پروازوں کی تنسیخ کا فیصلہ کیا تھا اور اب بھی بین الاقوامی سطح پر کمرشیل پروازوں کا آغاز نہیں کیا گیا بلکہ ہندستان کی جانب سے وندے بھارت مشن کی بین الاقوامی پروازیں چلائی جا رہی ہیں اور دیگر ممالک کے ساتھ ائیر ببل اسکیم کے تحت معاہدہ کرتے ہوئے ان ممالک کی قومی پروازوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت فراہم کی جا رہی ہے اور اس کے لئے حکومت کی جانب سے کئی شرائط کا اطلاق کیا گیا ہے اور ان شرائط کے ساتھ ہی سفر کی اجازت رہے گی۔