بین ریاستی اغواء کاروں کی بڑی سازش ناکام

   

غیر قانونی اسلحہ سمیت 6 ملزمین گرفتار، ایک ملزم فرار، ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس
کاماریڈی 29مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع میں بین ریاستی اغوا کاروں کی ایک بڑی سازش کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے غیر قانونی اسلحہ سمیت 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندرانے پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ملزمین ایک تاجر کے اغواء کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاکہ پرانے قرض سے بچنے اور بھاری رقم وصول کرنے میں کامیاب ہوسکیں۔ایس پی راجیش چندرا نے بتایا کہ 27؍ مئی کو تاڈوای پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کرشنا جیواڑی مندر کے قریب کچھ مشتبہ افراد کسی سنگین جرم کی تیاری کررہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر دھاوا بول کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے افراد کو پکڑ لیا۔ بعد ازاں ضلع ایس پی کی ہدایت پر ایلار یڈی ڈی ایس پی سرینواس راؤ کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے تحقیقات کے دوران ایک بڑے اغواء منصوبہ کا انکشاف کیا۔تحقیقات میں معلوم ہوا کہ کاماریڈی کے تاجر بھوسا سرینواس سے ملزمین نٹّو نرسنگا راؤ، وڈے سوامی، پُلی پرشانت گوڑ اور سورم سوامی کی سابقہ مالی لین دین تھی۔ ملزمین نے سرینواس کے پاس بڑی رقم ہونے کا اندازہ لگاتے ہوئے انہیں اغواء کرکے رقم وصول کرنے کا منصوبہ بنایا۔ اس مقصد کے لئے مہاراشٹرا سے غیر قانونی پستول خریدی گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک فائر آرم، ربر کی گولیاں، موبائل فون، موٹر سائیکل، ماسک، نائیلون رسی، ٹیپ اور نقد رقم ضبط کرلی۔گرفتار شدگان میں تلنگانہ اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے 6 افراد شامل ہیں جبکہ اسلحہ فراہم کرنے والا ایک اور ملزم ماروتی گھوکے مفرور بتایا گیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے ملزمین کے خلاف آرمس ایکٹ اور بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ضلع ایس پی راجیش چندرا نے عوام خصوصاً تاجروں کو خبردار کیا کہ مشتبہ افراد یا غیر قانونی اسلحہ سے متعلق کوئی بھی اطلاع فوری طور پر ڈائل 100 یا مقامی پولیس کو دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ایک چھوٹی سی اطلاع بڑے جرائم کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے جبکہ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔