بیوی کو جلادینے والے شوہر کو عمر قید کی سزاء و جرمانہ

   

حیدرآباد /13 نومبر ( سیاست نیوز ) زائد جہیز کیلئے ہراساں کرتے ہوئے بیوی کو زندہ جلانے دینے والے شوہر کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ ایل بی نگر کی ایک مقامی عدالت نے آج ناچارم پولیس حدود کے ایک مقدمہ میں فیصلہ سنایا ہے ۔ جو سال 2012 میں پیش آیا تھا ۔ ناچارم پولیس نے اس سلسلہ میں آج عدالت میں چارج شیٹ کو داخل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 29 سالہ مہیپال ریڈی کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ مہیپال ریڈی گرین ہلز کالونی ملاپور میں رہتا تھا ۔ اس کی بیوی سریتا جس کی عمر 23 سال بتائی گئی ہے ماہانہ 5 ہزار روپئے تنخواہ پر خانگی ملازمہ کی حیثیت سے کام کرتی تھی ۔ مہیپال ریڈی نے فینانس پر ایک ٹاٹا انڈی کا گاڑی حاصل کی تھی ۔ لیکن فینانس کی عدم ادائیگی پر اس گاڑی کو ضبط کرلیا گیا تھا ۔ اور وہ بے روزگار تھا ۔ ان کے دو بچے بھی ہیں ۔ ریڈی اکثر اس کی بیوی کو ہراساں کرتا تھا ۔ شراب کے نشہ میں مکان پہونچکر بیوی کو زائد جہیز کیلئے ہراساں و پریشان کرتا تھا ۔ سریتا کے والدین نے اسے ایک ایکڑ اراضی بھی دی تھی تاکہ وہ ان کی بیٹی کو پریشان نہ کرے باوجود اس کے مہیپال ریڈی سریتا کو پریشان کر رہا تھا ۔ 21 مارچ 2012 کی رات مکان پہونچنے کے بعد بیوی سے جھگڑا کیا اور جب اس کی بیوی حالت نیند میں تھی اس نے بیوی کو جلا دیا جو دوسرے دن فوت ہوگئی ۔ اس مقدمہ ناچارم پولیس کی کارروائی پر عدالت نے فیصلہ سنایا ۔ عمر قید کے علاوہ 5 ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کیا ہے ۔