بیوی کی خود کشی کی ریکارڈنگ کرنے والا شوہر گرفتار

   

امراوتی ۔ 23 ستمبر ( سیاست نیوز ) آندھرا پردیش کے نیلور ضلع میں آتماکور ٹاون میں ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس نے اپنی بیوی کی خود کشی کی ریکارڈنگ کی ۔ یہ واقعہ چہارشنبہ کو پیش آیاتھا جس کے بعد یہ ویڈیو وائرل ہوگئی ۔ اس میں اس شخص کو اپنی بیوی کو خود کشی کیلئے اکساتے ہوئے سنا جارہا ہے ۔ اپنی بیوی کو خود کشی سے روکنے کی بجائے یہ شخص نہ صرف ویڈیو ریکارڈنگ کرر ہا ہے بلکہ وہ اپنی بیوی کی حوصلہ افزائی بھی کر رہا تھا ۔ اس نے یہ ویڈیو بعد میں سسرالی عزیزوں کو روانہ کیا ۔ پولیس نے پنچلیا نامی شخص کو گرفتار کرلیا جو ایک اے ٹی ایم کا سکیوریٹی گارڈ بتایا گیا ہے ۔ متوفی خاتون انسداد غربت مشن میں کام کرتی تھی اور ان کی شادی چند سال قبل ہوئی تھی ۔ انہیں دو بچے بھی ہیں۔ پولیس کے بموجب پنچلیا کو اپنی بیوی کے کردار پر شبہ تھا جس سے تنگ آکر خاتون نے خود کشی کرلی ۔