بیوی کی ہراسانی سے دلبرداشتہ شوہر کی خودکشی

   

حیدرآباد /21 ستمبر ( سیاست نیوز ) بیوی کی ہراسانی سے تنگ آکر ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ چوٹ اپل پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 28 سالہ نرسمہا نے شراب میں زہر ملاکر خودکشی کرلی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق نرسمہا پیشہ سے مزدور تھا جو بیوی کے جھگڑوں سے پریشان تھا ۔ بیوی کی ہراسانی اور جھگڑوں سے تنگ آکر اس نے شراب پینا شروع کردیا اور ہراسانی میں زیادتی سے شراب میں زہر ملاکر استعمال کرلیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
گاڑیوں کو روک کر بدامنی پھیلانے والے گیارہ افراد گرفتار
حیدرآباد /21 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ میں گاڑیوں کو جبراً روکنے اور بدامنی پھیلانے والے 11 افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ جو گنیش وسرجن کیلئے مورتیوں کو منتقل کرنے کیلئے لاریوں کو جبراً روک رہے تھے ۔ ان کی اس حرکت سے پیدا شدہ بے چینی پر فوری اقدام کرتے ہوئے شمس آباد پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا جو گھانسی میاں گوڑہ علاقہ میں موجود تھے ۔ پولیس شمس آباد کی ٹیم نے نرسمہا راؤ سب انسپکٹر کی نگرانی میں کارروائی انجام دی اور لاریوں کو روکنے والے افراد کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جن میں ناگیش، وینو ، شیواجی ، ونود کمار ، اروند ، ہنمتو ، شیوا کمار ، شیوا سائی ، ایم شیوا ، دنیش گوڑ ، ابھیلاش اور سچن شامل ہیں ۔ع