بیٹے کی ٹسٹ ٹیم میں شمولیت پر غلام نبی کو بے حد فخر

   

سری نگر، 9اگست (یواین آئی) لوگ میرے پاس آتے ہیں، مجھے گلے لگاتے ہیں اور کہتے ہیں، یہ عاقب کے والد ہیں۔’یہ میرے لیے بے حد فخر کی بات ہے ، یہ الفاظ جموں وکشمیر کے کرکٹر عاقب نبی کے والد غلام نبی ڈارکے ہیں، جن کے بیٹے نے ہندوستانی ٹسٹ ٹیم میں جگہ بناکر اپنے خاندان اور پورے خطے کے لیے تاریخ رقم کردی ہے ۔29 سالہ آل راؤنڈر عاقب نبی کو سری لنکا کے خلاف15 اگست کو شروع ہونے والی دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے جسپریت بمراہ کی جگہ ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس طرح وہ جموں و کشمیر کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جنہیں ہندوستان کی ٹسٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے ۔ عاقب کے والد غلام نبی ڈار ایک اسکول ٹیچر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں وہ چاہتے تھے کہ عاقب تعلیم پر توجہ دیں اور ڈاکٹر بنیں، کیونکہ انہیں کرکٹ میں کوئی مستقبل نظر نہیں آتا تھا۔ انہوں نے کہا کرکٹ میں کوئی گنجائش نہیں تھی۔ ہم سمجھتے تھے کہ کھیل میں وقت ضائع ہوتا ہے ، اس لیے میں عاقب پر تعلیم پر توجہ دینے کے لیے زور دیتا تھا۔ تاہم عاقب کی کرکٹ سے محبت اور مسلسل محنت نے ان کی سوچ بدل دی۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق غلام نبی نے کہا، ”اس کی کرکٹ سے محبت دیکھنے کے بعد میں نے اسے قبول کرلیا۔ مجھے احساس ہوا کہ والد اور استاد کی حیثیت سے مجھے تعاون کرنا ہوگا۔