4 لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کے اقدامات۔ محمد محمود علی دہلی اور پنجاب کے چیف منسٹرس کا خیرمقدم کریں گے
حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے پہلے جلسہ کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں جو 18 جنوری کو کھمم میں منعقد ہورہا ہے۔ جلسہ میں تین چیف منسٹرس ایک سابق چیف منسٹر کے علاوہ کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔ ریاستی وزیر ہریش راؤ ضلع کھمم میں ایک ہفتہ سے قیام کرکے جلسہ کو کامیاب بنانے سرگرم ہیں۔ تلنگانہ کے 13 اسمبلی حلقوں کے علاوہ پڑوسی آندھرا پردیش اور چھتیس گڑھ سے جلسہ میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے وسیع تر تیاریاں کررہے ہیں۔ کھمم سیاسی طور پر باشعور ضلع تصور کیا جاتا ہے۔ تمام جماعتوں کا احساس ہے کہ اقتدار تک پہنچنے کھمم اہم رول ادا کرتا ہے تاہم 2014 تلنگانہ کے پہلے اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کو یہاں کوئی خاص کامیابی نہیں ملی تھی ۔ بعد میں ٹی آر ایس نے کانگریس، تلگودیشم سے کامیاب قائدین اور کمیونسٹ جماعتوں کے با اثر قائدین کو ٹی آر ایس میں شامل کرکے ضلع میں سیاسی طاقت میں اضافہ کرلیا تھا۔ 2018 انتخابات میں ٹی آر ایس نے کھمم میں توقع سے بہتر مظاہرہ کیا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے علاقائی جماعت ٹی آر ایس کو قومی جماعت بی آر ایس میں تبدیل کرکے بی آر ایس کے پہلے جلسہ کا انعقاد کرنے کھمم کا انتخاب کیا ہے۔ اس جلسہ میں چیف منسٹرس اروند کجریوال ( دہلی )، بھگونت سنگھ مان ( پنجاب )، وجین ( کیرالا ) سابق چیف منسٹر یوپی اکھلیش یادو کے علاوہ کمیونسٹ جماعتوں کے قومی و ریاستی قائدین شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر کے سی آر بی آر ایس کو قومی سطح پر بی جے پی کے متبادل کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ قومی توجہ حاصل کرنے اس جلسہ کو مثالی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر صحت و فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ جلسہ کو کامیاب بنانے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تحریک چلانے تشکیل دی گئی ٹی آر ایس پارٹی کا پہلا جلسہ کریم نگر میں منعقد کیا تھا۔ بی آر ایس کا پہلا جلسہ کھمم میں منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ میں پہنچنے والی گاڑیوں کیلئے 448 ایکر اراضی پر 20 پارکنگ مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جلسہ میں 1000 والینٹرس کی خدمات دستیاب رہیں گی۔13 اسمبلی حلقوں سے عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ سوریہ پیٹ اور محبوب آباد سے بھی لوگ شریک ہونگے ۔ دوسری ریاستوں سے عوام کی شرکت کیلئے بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ 18 جنوری کو دوپہر 2 بجے تا شام 5 بجے جلسہ منعقد ہوگا۔ شہ نشین کے سامنے اہم قائدین کیلئے خصوصی سیکٹر مختص کیا گیا ہے۔ متحدہ ضلع کھمم کے اہم قائدین شہ نشین پر چیف منسٹر کے ساتھ موجود رہیں گے۔ سابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کا خیرمقدم اور وداع کرنے کی ذمہ داری ٹی سرینواس یادو کو سونپی گئی ہے جبکہ دہلی اور پنجاب چیف منسٹرس کے پروٹوکول کی ذمہ داری وزیر داخلہ محمد محمود علی کو دی گئی ہے۔ وزیر عمارات و شوارع پی پرشانت ریڈی چیف منسٹر کیرالا کا خیرمقدم کریں گے۔ اہم قائدین 17 جنوری کی شام حیدرآباد پہنچیں گے۔ 18 جنوری کو تمام قائدین چیف منسٹر راؤ کے ساتھ ناشتہ کریں گے اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرینگے۔ پھر یادادری مندر میں پوجا کے بعد دو ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ کھمم روانہ ہونگے۔ن