پولیس کے ساتھ کارکنوں کی دھکم پیل، نیٹ امتحانات کی منسوخی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/23 جون، ( سیاست نیوز) نیٹ امتحانات میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف یوتھ کانگریس کارکنوں نے آج حیدرآباد میں بی جے پی آفس کے گھیراؤ کی کوشش کی تاہم پولیس نے ناکام بنادیا۔صدر ریاستی یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی کی قیادت میں یوتھ کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد گاندھی بھون سے جلوس کی شکل میں بی جے پی آفس کیلئے روانہ ہوئی۔ احتجاجیوں کے ہاتھ میں نیٹ امتحانات کی منسوخی کے حق میں نعرے درج تھے۔ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کارکن بی جے پی آفس کے قریب پہنچ گئے تاہم پولیس نے بیریکیٹس کھڑا کردیئے اور کارکنوں کو روک دیا۔ پولیس اور کارکنوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی بعد میں اعلیٰ عہدیداروں نے مداخلت کرتے ہوئے احتجاجیوں کو منتشر کردیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیوا سینا ریڈی نے نیٹ امتحانات کی منسوخی اور دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیٹ امتحانات کے مسئلہ پر بی جے پی قائدین کی خاموشی پر احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے جڑے ہوئے اس مسئلہ پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیٹ پرچہ جات کے افشاء میں 14 مرکزی وزراء کے ملوث ہونے کی اطلاع ہے جنہوں نے اپنے قریبی افراد کیلئے پرچہ کا افشاء کیا تھا۔ شیوا سینا ریڈی نے کہا کہ 23 لاکھ طلبہ کے مستقبل سے جڑے اس مسئلہ پر مرکزی حکومت کو فوری کارروائی کرنی چاہیئے۔ یوتھ کانگریس پارلیمنٹ کے گھیراؤ کی تیاری کررہی ہے۔ کانگریس پارٹی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نیٹ اور دیگر امتحانات میں بے قاعدگیوں کے مسئلہ کو اجاگر کرے گی۔1