بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کیخلاف مقدمہ

   

رام نومی جلوس میں ڈی جے کے استعمال پر کارروائی، ڈاکٹر جی بھگونت پر بھی کیس
حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) سلطان بازار پولیس نے بی جے پی رکن اسمبلی حلقہ گوشہ محل ٹی راجہ سنگھ اور دیگر کے خلاف سری رام نومی جلوس کے دوران پولیس کی اجازت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی جے کا استعمال کرنے پر ایک مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 14 اپریل کو سری رام نومی شوبھا یاترا کا آغاز سیتارام باغ سے ہوا تھا اور جلوس نکالنے کے لئے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس لاء اینڈ آرڈر سے تحریری اجازت طلب کی تھی جس پر پولیس نے اُسے ریالی نکالنے کی مشروط اجازت دی تھی جس میں ڈی جے کے استعمال پر پابندی تھی لیکن راجہ سنگھ نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی جے کا استعمال کیا اور سلطان بازار علاقہ میں پہونچنے کے بعد اپنے حامیوں کے ساتھ شور شرابہ کیا جس کے نتیجہ میں صوتی آلودگی پھیل گئی تھی اور ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوا تھا۔ پولیس نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر سلطان بازار جی مادھو ریڈی کی شکایت پر راجہ سنگھ اور اُس کے حامیوں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اِسی طرح رام نومی کے موقع پر سری رام نومی اُتسو سمیتی کے صدر ڈاکٹر جی بھگونت راؤ جو حلقہ پارلیمنٹ حیدرآباد کے بی جے پی امیدوار ہیں، نے بھی ایک جلوس نکالا جس میں ڈی جی کا استعمال کیا۔ بھگونت راؤ کو بھی پولیس نے جلوس نکالنے کے لئے مشروط اجازت دی تھی لیکن اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے علاقہ میں شور شرابہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سلطان بازار ٹی دیویندر نے کہاکہ پولیس کی مشروط اجازت کی خلاف ورزی پر دو علیحدہ مقدمات درج کئے گئے ہیں اور اِس کی تحقیقات جاری ہیں۔