بی جے پی لیڈر این وی ایس پربھاکر کو دیپاداس منشی کی لیگل نوٹس

   

پارٹی ٹکٹ کیلئے کار کا تحفہ حاصل کرنے کی تردید
حیدرآباد: 27 فروری (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپاداس منشی نے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی این وی ایس ایس پربھاکر کو قانونی نوٹس جاری کی ہے۔ بی جے پی قائد نے لوک سبھا چنائو میں ٹکٹ دلانے کے لیے کانگریس قائدین سے بینز کار حاصل کرنے کا دیپاداس منشی پر الزام عائد کیا تھا۔ لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی ثبوت کے بغیر الزام عائد کیا گیا لہٰذا اندرون دو یوم الزامات کے حق میں ثبوت پیش کیا جائے۔ بصورت دیگر 10 کروڑ روپئے کا ہرجانہ کی درخواست عدالت میں پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ بی جے پی قائد نے کانگریس میں ٹکٹوں کی فروخت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ دیپاداس منشی نے ٹکٹ کے لیے امیدواروں سے بینز کار کا تحفہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ثبوت پیش کرنے کا دعوی کیا تھا۔ کانگریس قائدین کی جانب سے مطالبہ کے باوجود بی جے پی لیڈر نے ثبوت برسر عام نہیں کیا جس پر تھامس جوزف ایڈوکیٹ کے ذریعہ دیپاداس منشی نے لیگل نوٹس روانہ کی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دیپاداس منشی پردیش کانگریس کمیٹی کے اشتراک کے ساتھ کانگریس کی انچارج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں وہ معاون انچارج کے طور پر فرائض انجام دے چکی ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی کانگریس قائد اور ٹکٹ کے امیدوار نے موکل دیپاداس منشی کو بینز کار کا تحفہ نہیں دیا۔ دہلی یا کسی اور مقام پر گاڑی حوالے کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اندرون دو یوم ثبوت پیش نہ کرنے پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے 10 کروڑ ہرجانہ کا مطالبہ کیا جائے گا۔ 1