بی جے پی کی حلقہ لوک سبھا میدک میں انوکھی انتخابی مہم

   

دولہے نے شادی کے دعوت نامہ پر مہمانوں سے تحفہ کے بجائے مودی کو ووٹ دینے کی اپیل کی

حیدرآباد ۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی نے حلقہ لوک سبھا میدک کیلئے انوکھی انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس حلقہ میں بی جے پی کارکنوں کی شادی ہورہی ہے تو دعوت نامہ پر وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر شائع کی گئی ہے اور دعوت میں شریک ہونے والے مہمانوں سے دولہے نے اپیل کی ہیکہ آپ میری شادی کے تحفہ کے طور پر نریندر مودی کو ووٹ دیں۔ وزیراعظم نریندر مودی اب کی بار 400 کے پار کا نعرہ دیتے ہوئے ملک بھر میں انتخابی مہم چلارہے ہیں اور تلنگانہ پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ سے بی جے پی کو چار پارلیمانی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اس مرتبہ زیادہ سے زیادہ حلقوں میں کامیابی کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ بی جے پی نے حلقہ لوک سبھا میدک سے سابق رکن اسمبلی رگھونندن راؤ کو امیدوار بنایا ہے۔ کامیابی حاصل کرنے کیلئے رگھونندن راؤ انوکھی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ اسی حصہ کے طور پر شادی کے رقعوں پر مودی کو ووٹ دینے کی رائے دہندوں سے اپیل کرنے کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی کی جانب سے بڑے پیمانے پر فلاحی کام کرتے ہوئے عوام کا دل جیتنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔2