صبح 10 بجے ٹی وی دیکھنے نوجوانوں کو مشورہ ، تلنگانہ کو فرقہ پرستی کے زہر سے بچانے کا عہد، قومی سیاست میں اہم رول کا اشارہ
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ کل 9 مارچ صبح 10 بجے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں بے روزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری سنائیں گے۔ ونپرتی میں آج شام جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ وہ چہارشنبہ کی صبح 10 بجے بے روزگار بھائیوں کیلئے اسمبلی میں اہم اعلان کرنے والے ہیں۔ بے روزگار نوجوان بھائی کل صبح 10 بجے ٹی وی کا مشاہدہ کریں، میں کیا اعلان کرنے والا ہوں آپ لوگ دیکھیئے۔ کے سی آر نے تلنگانہ عوام کی بھلائی کیلئے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کا عہد کیا اور کہا کہ وہ ہر لمحہ تلنگانہ کے بارے میں سوچتے ہیں۔ تلنگانہ کیلئے آخری قطرہ خون اور آخری سانس تک ترقی کیلئے کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ دلت بھائیوں کی معاشی ترقی کیلئے ملک میں اپنی نوعیت کی منفرد اسکیم متعارف کی گئی ہے جس کے تحت 10 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جائے گی یہ رقم واپس کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس اسکیم کا بینکوں سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس پر کوئی سود ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے حصول کے ساتھ ہم نے برقی اور پانی حاصل کیا ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ دلت افراد بھی بہتر طور پر ترقی کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر طبقات کو بھی دلتوں کا مکمل ساتھ دینا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ فلاحی اسکیمات میں ملک کو تلنگانہ سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے پھر ایک مرتبہ نام لئے بغیر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اور ذات پات کے نام پر ملک میں آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام کے درمیان مذہبی اور ذات پات کے نام پر سماج کو تقسیم کرنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ سیاسی فائدے کیلئے یہ کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باشعور تلنگانہ کی مدد سے تلنگانہ کے فرزند کی طرح اپنی آخری سانس تک تلنگانہ میں ایسی منافرت پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دوں گا۔ ہم تمام کو اس جدوجہد میں ساتھ ملکر کام کرنا چاہیئے۔ مذہب، ذات پات اور علاقہ واریت سے اُٹھ کر عوام کی ترقی حکومت کا مقصد ہے۔ چیف منسٹر نے قومی سطح پر جدوجہد کا اعادہ کیا اور کہا کہ میں نے تلنگانہ کی تشکیل سے قبل جو باتیں کہی تھیں اسے سچ کردکھایا ہے۔ ملک کی یکساں طور پر ترقی ہونی چاہیئے۔ دیش کی ترقی میں ہماری بھلائی مضمر ہے اسی لئے ملک کیلئے آپ تمام کو آگے آنا چاہیئے۔ ملک کیلئے جدوجہد کے تحت کسی بھی حد تک جاسکتا ہوں۔ میں نے جہاں کہیں بھی اور ضلع میں بھی عوام سے پوچھا ان میں شعور بیداری کو پایا۔ میں آپ سے یہی درخواست کرتا ہوں کہ ملک کی بھلائی کیلئے جدوجہد میں متحد ہوجائیں۔ ضرورت پڑنے پر میں اپنی جان قربان کرنے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی فائدہ کیلئے بعض کم عقل والی سیاسی جماعتوں نے ہندوستانی سماج کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ تلنگانہ کے باشعور عوام اور دانشوروں کو اس طرح کی کوششوں کا جواب دینا چاہیئے۔ فرقہ پرستی کے اس کینسر سے تلنگانہ کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گدوال کے رکن اسمبلی کے والد کے انتقال پر پرسہ دینے کیلئے وہ بس کے ذریعہ گدوال پہنچے تھے راستہ میں حیدرآباد تا گدوال انہیں ہر جگہ دھان کی فصل دکھائی دی۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کا وہ سابق میں کئی بار دورہ کرچکے ہیں لیکن اس مرتبہ محبوب نگر ضلع خشک سالی کے بجائے سرسبزو شاداب ہوچکا ہے۔ر