آگرہ: آگرہ کے تاج محل کو تعمیر کرانے والے مغل بادشاہ شاہجہاں اور ان کی بیگم ممتاز محل کی اصلیں قبریں دیکھنے کا موقع اتوار سے ملنے جارہا ہے ۔ پورے سال میں صرف ایک بار تین دنوں کے لئے ان قبروں کو عوامی دیدار کے لئے کھولا جاتا ہے ۔ یہی نہیں ان تین دنوں میں تارج محل میں داخلہ بھی مفت ہوگا۔مغل بادشاہ شاہجہاں کے عرس کی مناسبت سے پہلے دن نصف دن کے لئے اورتیسرے دن پورے دن کے لئے مفت داخلے کی سہولیت ملے گی۔ عرس کے دوران مقبرے کے تہہ خانے میں واقع شاہجہاں اور ممتاز محل کی اصلی قبروں کو کھولا جائے گا۔ پہلے دن تہہ خانے میں واقع قبروں کو 27فروری دوپہر 2 بجے کھولے جانے کے بعد غسل دیا جائے گا۔ دوسرے دن 28فروری کو دوپہر 2 بجے یہاں سنل کی رسم ادا کی جائے گی۔ تیسرے دن یکم مارچ کو پورے دن چادر پوشی و گلپوشی ہوگی اور پنکھ چڑھائے جائیں گے ۔ یکم مارچ کی شام کو فورکورٹ میں لنگر بھی تقسیم کیا جائے گا۔