چینائی: چینائی سٹی پولیس نے ایک تیز کارروائی کرتے ہوئے شمالی چینائی کے مناڈی میں تاوان کیلئے اغوا کیے گئے سری لنکن شہری کو بازیاب کرایا اور اس سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔حکام نے بتایا کہ سری لنکا کی ایک خاتون نے گریٹر چینائی پولیس کنٹرول روم سے رابطہ کیا اور بتایا کہ اس کے والد محمد شیام (50) کاروباری مقاصد کیلئے سری لنکا سے چینائی آئے تھے اور مناڈی کے پیرس کارنر میں رہ رہے تھے ۔ایک شخص نے اس کے والد کے سیل فون کے ذریعے اس کے موبائل پر فون کیا اور رہائی کیلئے 15 لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی تھی اس نے کارروائی کرنے اور اپنے والد کو محفوظ بنانے کی درخواست کی تھی۔اس سلسلے میں نارتھ بیچ پولس اسٹیشن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات کی گئی۔ پولیس ٹیم نے اغوا کار کے موبائل نمبر کی مکمل چھان بین کے بعد محمد شیام کو بازیاب کرایا اور چترا (43)، ریاض عسکر (47)، ویلموروگن (41) اور دنیش (31) کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کار بھی برآمد کی گئی ہے ۔تفتیش سے معلوم ہوا کہ اغوا ہونے والے محمد شیام پر ملزم چترا کی رقم واجب الادا تھی، جس نے اپنے عاشق اور ساتھیوں کے ساتھ محمد شیام کو کار میں اغوا کیا اور رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کی بیٹی کو دھمکی دی۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے ۔