تحریک تحفظ اوقاف کو دستخطی مہم کی عدم اجازت

   

پولیس کے رویہ پر اظہار حیرت ، ثنا اللہ خاں و دیگر کا ردعمل
حیدرآباد۔22فبروری(سیاست نیوز)تلنگانہ وقف بورڈ کو کمشنریٹ کا درجہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک تحفظ اوقاف( ٹی ٹی اے) کے زیر اہتمام تاریخی مکہ مسجد کے صحن میںمنعقدہ دستخطی مہم کو پولیس نے ناکام بنادیا۔مختلف سماجی او رسیاسی تنظیموں پر مشتمل تحریک تحفظ اوقاف کے قائدین کو پولیس نے بغیر اجازت دستخطی مہم چلانے کی اجاز ت دینے سے انکار کردیا۔ ٹی ٹی اے کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ انہوں نے مکہ مسجد انتظامی کمیٹی کے سکریٹری کو ایک تحریری مکتوب حوالے کرتے ہوئے مسجد کے صحن میں وقف بورڈکو کمشنریٹ کا درجہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک دستخطی مہم کی اجازت مانگی جس پر سکریٹری نے اجازت دی تھی تاہم پولیس کا یہ کہنا ہے کہ کمیٹی نے پولیس کو ایسی کسی دستخطی مہم کے متعلق قبل از وقت جانکاری نہیںدی لہذا ٹی ٹی اے کے ذمہ داران پولیس کی اجازت کے بغیر مسجد کے صحن اور مسجد کے باہر ایسی کوئی مہم نہیںچلا سکتے۔بعدازاں میڈیاسے بات کرتے ہوئے تحریک تحفظ اوقاف میںشامل ثناء اللہ خان‘ مولانا سید طارق قادری’ مولانا حامد حسین شطاری‘ محمد افضل او ردیگر نے اپنے مشترکہ بیان میںپولیس کے رویہ کی سخت مذمت کی اور کہاکہ مسجد کے اندر کسی بھی قسم کی دستخطی مہم یا دیگر سرگرمیوں کے لئے پولیس کی اجازت حاصل کرنا لازمی نہیں ہے۔ مذکورہ قائدین نے کہاکہ تاریخی مکہ مسجد کی انتظامی کمیٹی نے جب اجازت دیدی ہے تو اس میںپولیس کو مداخلت کرنے کی ضرورت نہیںتھی ۔انہوں نے پولیس پر اوقافی جائیدادوں پر قبضے کرنے والوں کی پشت پناہی کا بھی الزام عائد کیا۔ان قائدین نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ کی اوقافی جائیدادوں کی حفاظت کے لئے وقف بورڈ کو کمشنریٹ کا درجہ فراہم کرے ۔