ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بننے والوں کو شہر بدر کردیا جائیگا : چیف منسٹر

,

   

بیرامل گوڑہ میں سکنڈ فلائی اوور کا افتتاح ، موسیٰ ندی کو ترقی دینے کا ریونت ریڈی نے اعلان کیا
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ چند لوگ میٹرو ریل کی توسیع کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ایسے لوگوں کو شہر بدر کرنے کا انتباہ دیا ۔ اسمبلی حلقہ ایل بی نگر کے بیرامل گوڑہ جنکشن پر 148.05 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ لیول 2 فلائی اوور کا آج افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے مرکز سے درخواست کی کہ حیدرآباد میٹرو ریل کے کام رکوائے جائیں اور اب مرکز نے تعمیرات روکنے کو کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری معاملہ ہے اور وہ زیادہ تفصیل نہیں بتاسکتے ۔ انہوں نے سب سے اپیل کی کہ اگر وہ حیدرآباد کی ترقی میں کوئی تعاون نہیںکرسکتے تو اس میں رکاوٹ بھی پیدا نہ کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کوڑنگل میں تلخ تجربہ کے باوجود میں نے ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے انتخاب لڑا اور حلقہ اسمبلی ایل بی نگر سے انہیں 30 ہزار ووٹوں کی اکثریت ملی ۔ میرا دل حلقہ اسمبلی ایل بی نگر کیلئے دھڑکتا ہے ۔ زیادہ تر رشتہ دار اور دوست اسی حلقہ میں رہتے ہیں ۔ دن بدن حیدرآباد کی آبادی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اسی مناسبت سے شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے ۔ دریائے کرشنا کے پانی میں ان کی ضروریات کے مطابق اضافہ کیا گیا ہے ۔ ایل بی نگر سے حیات نگر تک میٹرو ریل کی توسیع کی جارہی ہے ۔ ایل بی نگر تا شمس آباد میٹرو ریل کا منصوبہ ہے ۔ پرانے شہر میں میٹرو چلانے کے خلاف کسی نے دہلی کو مکتوب روانہ کیا ۔ شہر کی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کو شہر بدر کردیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موسیٰ ندی کیچڑ میں تبدیل ہوگئی جس سے عوام مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ حیدرآباد میں موسیٰ ندی کی آلودگی سے ضلع نلگنڈہ کی 50 ہزار ایکڑ اراضی کو آلودہ کررہی ہے ۔ حکومت ’ وائبرنٹ تلنگانہ 2050 ‘ کا منصوبہ بنارہی ہے ۔موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے اور ترقی دینے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں اور ماسٹر پلان ملنے کے بعد ہم رائے عامہ کا جائزہ لیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ اور انٹرنیشنل ایرپورٹ کانگریس حکومت میں تعمیر کیا گیا جس سے تلنگانہ کو قومی سطح پر پہچان ملی ہے ۔ کئی کمپنیاں شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے دلچسپی دکھا رہی ہیں ۔ آئندہ سو سال کی منصوبہ بندی تیار کرکے گریٹر حیدرآباد کو ترقی دی جارہی ہے ۔ آوٹر رنگ روڈ کے اندر تمام میونسپلٹیز کو HMDA کے دائرہ کار میں لایا جائیگا ۔ مستقبل میں تعمیر ہونے والی علاقائی رنگ روڈ (RRR) کے ساتھ تلنگانہ مزید ترقی کرے گا ۔ اس فلائی اوور کے افتتاح سے بیرا مل گوڑہ چوراہا سگنل فری ہوگیا ہے ۔ یہ فلائی اوور شمس آباد ایرپورٹ اور اویسی ہاسپٹل سے ناگر جناساگر اور وجئے واڑہ جانے والی گاڑیوں کیلئے مفید ثابت ہوگا چوراہے پر یہ فلائی اوور Y شکل میں تقسیم ہوجاتا ہے ۔۔

اے پی میں کانگریس کے احیاء کی کوشش ‘ ریونت ریڈی وشاکھاپٹنم میں جلسہ سے خطاب کریں گے
حیدرآباد 9مارچ(یواین آئی)تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے بعد کانگریس پڑوسی آندھرا پردیش میں اپنے مقام کو حاصل کرنے کوشاں ہے ۔اسی کے طورپر سابق چیف منسٹر راج شیکھرریڈی کی دختر شرمیلا کو آندھراپردیش کانگریس سربراہ بنایا گیا ۔ 2014 میں متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد سے دونوں ریاستوں میں کانگریس کو شدید نقصان اٹھانا پڑاتھا ۔ تلنگانہ میں کانگریس اقتدار پر واپس ہوئی۔ آندھرا پردیش میں عظمت بحال کرنے جہاں شرمیلاپارٹی کو نچلی سطح سے مستحکم کرنے مصروف ہیں تو وہیں چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی وشاکھاپٹنم میں 15 مارچ کو جلسہ میں شرکت اور خطاب کرینگے ۔