ترنمول کانگریس کے منشور میں سی اے اے کی منسوخی این آر سی اور یکساں سول کوڈ کے عدم نفاذ کا وعد

   

کلکتہ : لوک سبھا انتخابات کیلئے پہلے مرحلے کی پولنگ سے دو دن قبل ترنمول کانگریس نے ‘‘دیدی کی قسم ’’کے عنوان سے اپنا انتخابی منشور جاری کیا ہے ۔اس منشور میں ترنمول کانگریس نے شہریت ترمیمی ایکٹ (CAA)قانون کو منسوخ ،این آر سی اوریکساں سول کوڈ کو نافذ نہیں کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے اقتصادی مشیر امیت مترا نے ترنمول بھون میں پریس کانفرنس کی اور پارٹی کے 10 وعدوں کو پڑھ کر سنایا۔ تاہم ترنمول کانگریس نے اس کو انتخابی منشور قرار دینے کے بجائے ‘‘دیدی کی قسم ’’ کے عنوان سے شائع کیا ہے ۔ ترنمول قیادت نے کہا کہ اگر مرکز میں‘‘انڈیا ’’ اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو ان وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔ترنمول کانگریس کے ان 10 وعدوں میں 100 دن کے کام سے لے کر راشن، سلنڈر، مکان، سی اے اے ، این آر سی، یکساں سول کوڈ جیسے قوانین پر بات کی گئی ہے ۔تقریباً ہر معاملے میں ترنمول نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کی کئی اسکیموں اور وعدوں کے متبادل کا اعلان کیا ہے ۔بی جے پی نے اس مرتبہ اپنے انتخابی منشور کو ‘‘نریندر مودی کی ضمانت ’’کے عنوان سے شائع کیا ہے ۔مودی نے خود بنگال آکر ان دو فقروں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو ضمانتیں الیکشن سے پہلے دے رہے ہیں وہ انتخابات کے بعد ضرور پوری ہوں گی۔مودی کی گرانٹی کے جواب میں ممتا بنرجی نے ‘‘دیدی کا حلف’’ کے عنوان سے اپنا انتخابی منشور شائع کیا ہے ۔وزیر اعظم آواس یوجنا کے متبادل کے طور پر غریبوں کے لیے مکان بنانے کا وعدہ ہے ۔

لکھ پتی دیدیکے متبادل کے طور پر، ترنمول نے ‘‘لکشمی بھنڈار کی شکل میں خواتین کو ماہانہ مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ آیوشمان بھارت کا متبادل ہیلتھ انشورنس ہے ۔ اس کے علاوہ، ممتا نے ان قوانین کو مکمل طور پر منسوخ کرنے کا وعدہ کیا ہے جن کا مودی نے CAA، NRC اور یکساں سول کوڈ متعارف کرانے کا وعدہ کیا ہے ۔