تشدد کے بعد وزیراعظم کا دورہ کیرالا منسوخ

   

سبری ملا تنازعہ برقرار،1400 افراد گرفتار
ترواننت پورم4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )کیرالا کے کئی علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہے۔ ملابار دیواسم بورڈ کے رکن ششی کمار کے گھر پر بم پھینکے جانے کے بعد تشدد بھڑک اُٹھا ہے۔ پولیس نے اب تک 1400 افراد کو گرفتار کرلیا۔ سبری ملا مندر میں دو خواتین کے داخلے کے باعث پھوٹ پڑنے والے تشدد کے ایک دن بعد وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو اپنا دورۂ کیرالا منسوخ کردیا ہے۔ وزیراعظم 6 جنوری کو کیرالا جانے والے تھے۔ یہاں کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے بی جے پی قائدین نے فیصلہ کیاکہ یہ دورہ موخر کیا جائے۔ قبل ازیں سبری ملا مندر میں بدھ کی صبح 50 سال سے کم عمر کی دو خواتین کے داخلہ پر احتجاج میں شروع ہونے والی تحریک اب پرتشدد رخ اختیار کرچکی ہے ۔یاتریوں اور مقامی لوگوں کی جانب سے پرامن ہڑتال سے شروع ہونے والی تحریک اب دائیں بازو اور بائیں بازوکی پارٹیوں کے درمیان آگ زنی اور بم دھماکوں سمیت پرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔اس دوران کئی مقامات پر پولیس کو طاقت کا استعمال بھی کرنا پڑا۔ ریاست میں حکمراں مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دفاتر پر حملے کی وجہ سے ریاست کے کئی حصے میدان جنگ میں تبدیل ہو چکے ہیں۔